آسیہ اندرابی اور ان کے شوہر دو مختلف جیلوں میں قید، بیٹے کا ہسپتال میں آپریشن

سرینگر ہائی کورٹ نے دختران ملت کی سربراہ کے کیس میں فیصلہ محفوظ کر لیا

بدھ 14 دسمبر 2016 16:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر کی ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بارہمولہ سب جیل میں محبوس آزادی پسند خواتین کی تنظیم دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کے کیس میں اپنا فیصلہمحفوظ کر لیا۔ آسیہ اندرابی کو سرینگر سے 4 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تب سے وہ جیل میں قید ہیں۔جسٹس محمد یعقوب کی بنچ نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ اعتراضات دائر کرے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزتنظیم کی ترجمان نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر آسیہ باجی کی اسیری کو طوالت دینے کیلئے بہانے کر رہی ہے۔تنظیم کی سیکرٹری جنرل ناہیدہ نسرین نے کہا کہ سیدہ آسیہ کے چھوٹے بیٹے احمد بن قاسم کا صورہ ہسپتال مین گزشتہ روز آپریشن کیا گیا ۔ اس جراحی اور احمد کی بیماری کے بارے میں شواہد عدالت میں پیش کئے گئے جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔آسیہ اندرابی کے شوہر محمد بن قاسم بھی سینٹرل جیل سرینگر میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔آسیہ اندرابی کی نجی سکرٹری صوفی فہمیدہ کا کیس بھی 27 اکتوبر 2016 سے عدالت کے رجسٹرار آفس میں زیر التواء ہے۔