ہادی برحق کی ذات مسلمانوں کیلئے نقطہ اتحاد ہے،حضور کا پرچم تھا منے سے ہمارے مسائل کا مداوا ہوگا ،لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقیوم خان

بدھ 14 دسمبر 2016 14:30

ہادی برحق کی ذات مسلمانوں کیلئے نقطہ اتحاد ہے،حضور کا پرچم تھا منے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین لیفیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ تعلیمات رسول اکرمﷺ کو اتحاد امت کا زریعہ بنایا جانا چاہیے،ہادی برحق نبی اکرم کی ذات پاک مسلمانوں کیلئے نقطہ اتحاد ہے، جتنا مضبوطی سے آنحضور کا پرچم تھامیں گے اتنا ہی ہمارے مسائل کا مداوا ہوگا ۔

وہ 39ویں سالانہ میلاد النبی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا ہادی برحق نبی اکرم کی ذات پاک مسلمانوں کیلئے نقطہ اتحاد ہے ہم جتنا مضبوطی سے آنحضور کا پرچم تھامیں گے اتنا ہی ہمارے مسائل کا مداوا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کی جتنی اس وقت ضرورت ہے اس سے پہلے اتنی کبھی نہیں تھی ۔انہوں نے کہا اسلام دشمن قوتیں عالم اسلام کے خلاف سازشوں میں متحد ہیں جبکہ اسلامی ممالک بکھرے ہوئے ہیں اور امت اسلامیہ کو دہشت گردی اور فرقہ واریت کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ اولیاء کرام نے آنحضور نبی اکرمﷺ کے پیغام انسانیت کو تبلیغ اسلام کا ذریعہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کا پیغام صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ دنیا بھر کے انسانوں کیلئے نجات کا باعث ہے، اگر تعلیمات نبی پر عمل کیا جاتا تو پوری دنیا میں جنگ وجدل ختم ہوجاتی۔ایران کے ثقافتی قونصلر آغا شہاب الدین دارائی نے کہا کہ حضور نبی اکرمﷺ کی آمد سے دنیا میں فتنہ وفساد کا خاتمہ ہوا اور پوری دنیا نے امن وسکھ کا سانس لیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آنحضور ﷺ نے جو فلاحی نظام عطاء کیا وہ پوری دنیا میں روشناس کرایا جائے ۔پیر آف موہڑا شریف مجتبیٰ گل بادشاہ نے کہا کہ کشمیر ، فلسطین ، چچنیہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے مسائل کا حل اتحاد امت میں ہے ۔ کانفرنس سے نعیم اکرم قریشی ، قاضی فتح الباری رستمی جنرل سیکٹری ادارہ فتح العلوم رستم مردان، سید انیس رضا ہمدانی ، محمد رفیق مغل، معصوم زہرا نقوی ، اخلاق زیدی ، سید رضا علی کاظمی ، کونین فاطمہ ، مبین زہرا، شمع فردوس، مقصود راہی، صاحبزادہ وقاص احمد قادری، حافظ محمد عماد طاہر ، عادل خان ، نقاش سبیل ، طاہرہ باقر ، محمد عبداللہ مزمل ، عمر ذکاء، علامہ عظمت علی سلطان، علامہ سلیم حیدر اور محمد یاسر بٹ نے بھی خطاب کیا۔

آنحضور نبی اکرمﷺ کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ۔