پاکستان تمام ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ،خطے میں امن وا ستحکام کیلئے ہر ملک کو کردار ادا کرنا ہو گا،ممنون حسین

سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے،ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا، صدر مملکت کی مختلف ممالک کے سفراء سے گفتگو

بدھ 14 دسمبر 2016 13:52

پاکستان تمام ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ،خطے میں امن وا ستحکام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ممالک کیساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ،خطے میں امن وا ستحکام کیلئے ہر ملک کو کردار ادا کرنا ہو گا،پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقعوں سے سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے،ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا۔

صدر مملکت نے یہ بات مختلف ممالک کے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ہونیوالی ایک پروقار تقریب میں انہیں پاکستان میں تعیناتی کے حوالے سے اپنی اسناد پیش کیں۔اسناد سفارت پیش کرنیوالوں میں یمن، کویت، رومانیہ، مالی، کولمبیا، موریطانیہ اور البانیہ کے سفیر شامل ہیں۔اس سے قبل ہر ملک کے نامزد سفیر کوفردٍا فردا بگی پرایوان صدر کے مرکزی دروازے پر لایا گیاجہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متعلقہ ملک اور پاکستانی قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ اس کے بعد تعینات سفیروں نے علیحدگی میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ، خاص طور پر خطے میں امن اور ترقی کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بہت اہم ہیں۔انھوں نے کہا کہ خطے میں امن وا ستحکام کیلئے ہر ملک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انھوں نیکہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کاروں کو بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر مملکت نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے پاکستان میں تعینات ہونے والے سفیروں کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ اسناد سفارت پیش کرنے والے سفیروں میں یمن کے سفیر محمد موتہر السابی، کویت کے نصر عبدالرحمن جاثر ال مہوتہری، رومانیہ کے نکولاگویا، مالی کے بوبکر گورو دیال، کولمبیا کے جوہان الفریڈو پینٹو سویڈرا، موریطانیہ کے سیدی محمد لگطاف اور البانیہ کے جینٹی گیزیلی شامل تھے۔