عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرئونگا، عامر

بدھ 14 دسمبر 2016 13:52

برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور عمدہ کارکردگی کی بدولت کینگروز کے خلاف اپنی ٹیم کو پہلا ٹیسٹ جیتنے میں اہم کردار ادا کرینگے، انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کو ہوشیار کیا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں ان کی جارحانہ اور تیز ترین بائولنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں، وہ ٹیسٹ سیریز میں اپنی ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کرینگے ۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ (آج) جمعرات سے برسبین میں شروع ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں پاکستانی فاسٹ بائولر نے کہا کہ وہ کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لئے میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ٹیم کو فتوحات دلانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سر توڑ کوشش کرینگے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کینگروز کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہے کیونکہ ابھی تک کوئی بھی ایشیائی ٹیم یہاں پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی لیکن اس بار ہم تاریخ بدلنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر اور سٹیو رکسن کی ہمارے کوچنگ سٹاف میں موجودگی پلس پوائنٹ ہے، دونوں 2011ء سے 2014ء تک کینگروز کوچنگ سٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں، انہیں کینگروز ٹیم کی خامیوں کا اندازہ ہے اسلئے ہم ان کے مشورے کے مطابق کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔