مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل کی تلاش شروع کردی ہے، مستقبل کے کپتان کیلئے بھی وقت آنے پر نام منظر عام پر لائوں گا، لیکن کپتان کی تقرری بورڈ کا استحقاق ہے،شہریار خان اس بارے میں پوچھیں گے تو ضرور اپنی رائے سے آگاہ کرونگا‘ پاکستان ٹیم کیلئے خاص معیار کی فٹنس درکار ہے، ڈومیسٹک کرکٹرز کی فٹنس اس لیول تک لانے کیلئے نظام وضع کررہے ہیں

پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق کا نجی ٹی وی کوانٹرویو

بدھ 14 دسمبر 2016 13:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے کہا ہے کہ تجربہ کار بیٹسمینوں مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل کی تلاش شروع کردی ہے۔ ان کا متبادل اب نہیں دھونڈیں گے تو کب ڈھونڈیں گے۔ مستقبل کے کپتان کے لئے بھی وقت آنے پر نام منظر عام پر لائوں گا، لیکن کپتان کی تقرری بورڈ کا استحقاق ہے۔

شہریار خان اس بارے میں پوچھیں گے تو ضرور اپنی رائے سے آگاہ کروں گا۔ آسٹریلیا کی سیریز کو ہم نے ہوا بنایا ہوا ہے۔ آسٹریلیا حال ہی میں سری لنکا میں تینوں ٹیسٹ ہار کر گئی ہے۔ اپنے ایک انٹر ویو میںانضمام الحق نے کہا کہ اس وقت مصباح کی عمر42 اور یونس کی عمر 39 سال ہے۔اگر دونوں ناکام رہے تو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکتے ہیں، لیکن اس موقع پر میں دونوں سے کرکٹ چھوڑنے کا نہیں کہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے لئے خاص معیار کی فٹنس درکار ہے۔ ڈومیسٹ کرکٹرز کی فٹنس اس لیول تک لانے کیلیے نظام وضع کررہے ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ ہیملٹن ٹیسٹ میں آخری سیشن میں 9وکٹیں گنوانا کسی بھی طرح قابل قبول نہیں تھا۔اس وکٹ پر اتنا بڑا اسکور بنانا مشکل تھا کیوں کہ پاکستانی ٹیم 400رنز شارجہ میں بھی اسکور نہیں کرسکی تھی۔ انضمام الحق نے انگلش بولروں جیمز اینڈرسن کو ویرات کوہلی کیخلاف بیان بازی کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا۔

اینڈرسن نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ بھارتی وکٹوں پر نہ تو گیند باونس کرتا ہے اور نہ ہی اس میں کوئی موومنٹ ہوتی ہے۔یہ صورتحال ویرات کوہلی کی تکنیکی خامیاں چھپالیتی ہیں۔ اس بیان پر انضمام الحق نے کہا ہے کہ میں نے اینڈرسن کو بھارتی وکٹوں پر زیادہ وکٹیں لیتے کبھی نہیں دیکھا۔ لیکن اس کے باوجود ان کی جانب سے ویرات کوہلی کیخلاف بیان تعجب کی بات ہے۔