سندھ حکومت کا اورنج لائن منصوبہ عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

عبدالستار ایدھی کی ملک و قوم کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں،تاریخ میں ایدھی صاحب کا نام سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا،سید ناصر حسین شاہ

بدھ 14 دسمبر 2016 13:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ معروف و ہر دلعزیز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی (مرحوم) کی ملک و قوم کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ایسی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے، ان کا خلاء صدیوں تک پر نہیں ہو سکتا، حکومت ایدھی صاحب (مرحوم) کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایدھی صاحب کا نام سنہری حرفوں میں لکھا جائے گا، ملک وقوم کی خدمات کے پیش چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بس ریپیڈ ٹرانسپورٹ کے اورنج لائن منصوبہ کا نام تبدیل کرکے عبدالستار ایدھی لائن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لہذا آج سے اورنج لائن منصوبہ عبدالستار لائن منصوبہ کہلائے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹائون میں منصوبہ کے مقام پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیصل ایدھی، صوبائی وزیر بہبود آبادی ممتاز جاکھرانی، سینیٹر گیان چند، پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق فاریہ، چیئرمین ضلع غربی شاکر حسین، سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ طحہٰ فاروقی، ڈائریکٹر جنرل کراچی ماس ٹرانزٹ سیل اسد اللہ شاہ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر اورنج لائن منصوبہ سمیت دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھائی جا رہی ہے، چونکہ ریپڈ ٹرانزٹ کے منصوبوں کی تکمیل میں وقت درکار ہو گا لہذا عوام کی سفری مشکلات اور پریشانیوں کے پیش نظر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے کراچی میں فوری طور پر 4 ہزار نئی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جن کے کرائے بھی رعائتی ہوں گے اور جن کا بوجھ حکومت سندھ خود اٹھائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہمارے کسی کے ساتھ اختلافات نہیں ہیں، میئر کے پاس کراچی کا مینڈیٹ ہے جس کا حکومت دل سے احترام کرتی ہے، کراچی کی ترقی اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ہم میئر کراچی سمیت تمام منتخب نمائندوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور جو منصوبے شروع کئے ہیں انہیں عوام کی بھلائی کیلئے جلد مکمل کریں گے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کو سرسبز اور ماحول کو بہتر بنانے کیلئے حکومت ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ نا صرف درخت لگائے گی بلکہ خالی جگہوں پر خوبصورت پارکس بھی بنائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عبدالستار ایدھی لائن منصوبہ جون 2017ء ؁تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے ایم سی کو سپورٹ کرتی ہے اور اسے مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اورنج لائن منصوبے کا نام تبدیل کرکے ان کے والد عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کیا۔ بعد ازاں وزیر ٹرانسپورٹ نے فیصل ایدھی، وزیر بہبود آبادی ممتاز جاکھرانی، سینیٹر گیان چند اور دیگر کے ہمراہ عبدالستار ایدھی لائن منصوبے کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :