کبڈی کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا، کاشف رزاق

بدھ 14 دسمبر 2016 12:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) انٹرنیشنل کبڈی کے کھلاڑی کاشف رزاق نے کہا ہے کہ کبڈی کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ جناح سٹیڈیم میں جاری قومی کبڈی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہوتا ہے اور ضلعی سطح پر گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی اکیڈمیاں قائم کی جائیں جس میں نئے چہرے سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کبڈی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے کہ پاکستان نے رواں سال کئی انٹرنیشنل کبڈی کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے، مئی میں کھیلے گئے ایشیاء کبڈی کپ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی، فروری میں بھارت میں کھیلی گئی سیف گیمز میں پاکستان سلور میڈل حاصل کیا، اکتوبر میں ویت نام میں کھیلی گئی ایشین بیچ گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، انہوں نے کہا کہ کبڈی کے جونیئر کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے جس میں 25 سے زائد کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں ان کھلاڑیوں کو قومی کوچ بادشاہ گل تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑی ہفتہ میں دو دن ویٹ ٹریننگ بھی کرتے ہیں، خواتین کبڈی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواتین کی پہلی کبڈی چیمپئن شپ لاہور میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے سات ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فائنل میچ (کل) جمعہ کو کھیلا جائے گا، اس چیمپئن شپ سے خواتین میں بھی کبڈی کا کھیل مقبول ہوگا، ایک اور سوال کے جواب میں کاشف رزاق نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی سرپرستی اور سپانسر کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جانب سے کبڈی سپر لیگ منعقد کروانے کا فیصلہ خوش آئند ہے جس سے مزید کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :