سری لنکن ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فتح سے کرینگے، ہاشم آملہ

بدھ 14 دسمبر 2016 11:08

سری لنکن ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فتح سے کرینگے، ..

جوہانسبرگ۔ 14 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے تاہم مہمان ٹیم کو شکست دینے کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تمام شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشمتل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے پورٹ الزبتھ میں شروع ہوگا۔ ہاشم آملہ نے کہا کہ کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے باوجود آئی لینڈرزکو آسان نہیں لینگے، انہوں نے کہا کے ٹیم کو ہوم گرائونڈ کا فائدہ ضرور ہوگا اس کے باوجود آئی لینڈرز کے خلاف پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی تیاری کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے تاہم جیت کیلئے کھیل کے تمام شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقہ پر جہاں وہ تین ٹیسٹ، تین ٹی 20 اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک پورٹ الزبتھ، دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 جنوری تک کیپ ٹائون جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 12 سے 16 جنوری تک جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 20 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری جبکہ تیسرا میچ 25 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 28 جنوری، دوسرا میچ یکم فروری، تیسرا میچ 4 فروری، چوتھا میچ 7 فروری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 10 فروری کو کھیلا جائے گا۔