پاک بحریہ نے سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ کے تحفظ کیلئے نیول ٹاسک فورس تشکیل دیدی،سی پیک کی سمندری آپریشنلائزیشن کیلئے پاک بحریہ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے،جنرل زبیر محمود حیات کا تقریب سے خطاب

منگل 13 دسمبر 2016 23:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاک بحریہ نے سی پیک اور گوادر کی بندرگاہ کے تحفظ کیلئے نیول ٹاسک فورس تشکیل دیدی ہے جس کا مقصد گوادر کی بندرگاہ اور پاکستان کی سمندری حدود میں سی پیک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ پاک بحریہ کی ٹاسک فورس 88 کا افتتاح منگل کو گوادر ایئر پورٹ پر کیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات تھے جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے مہمان خصوصی کا تقریب میں آمد پر خیر مقدم کیا۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے سی پیک کی سمندری حدود کے اندر سلامتی کیلئے پاکستان نیوی کی ٹاسک فورس کے قیام کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کا یہ اقدام سی پیک کی کامیابی کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی سمندری حدود کو محفوظ بنانے کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ سمندری معیشت کی ترقی کیلئے یہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاک بحریہ کا کردار سی پیک کی سمندری آپریشنلائزیشن کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ابھرتی ہوئی سمندری تجارت کے تحفظ کو یقینی بنانے کی عظیم ذمہ داری اور سمندری حدود کے اندر تحفظ فراہم کرنے کے سلسلے میں پاک بحریہ کا اہم کردار ہے۔ ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف آپریشنز وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قبل ازیں اپنے خطاب میں کہا کہ سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کا انحصار سمندری تحفظ اور سلامتی سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی کامیابی کیلئے نہ صرف زمینی بلکہ سمندری حدود کے اندر سلامتی اور تحفظ کے اقدامات بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری پاک بحریہ پر عائد ہوتی ہے اور پاک بحریہ اس چیلنج سے عہدہ برآ ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ قبل ازیں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں گوادر کی بندرگاہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گوادر کی بندرگاہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے ٹاسک فورس 88 کے پہلے کمانڈر کموڈور محمد وارث کو اس موقع پر روایتی کمان ٹیلی سکوپ بھی حوالے کی۔ تقریب میں وفاقی وزراء، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف ایئر سٹاف، پاکستان میں چین کے سفیر کے علاوہ سول، ملٹری اور غیر ملکی عہدیداروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :