کھیلوں کا بجٹ بڑھانے سے ہسپتالوں کا بجٹ کم ہوگا، میاں افتخار

منگل 13 دسمبر 2016 23:34

فیصل آباد ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) کھیلوں کا بجٹ بڑھانے سے ہسپتالوں کا بجٹ کم ہوگا اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع حاصل ہوں گے یہ باتیں واپڈا سٹی سپورٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور فیسکو پاور یونین کے جنرل سیکرٹری میاں افتخار احمد نے واپڈا سٹی سپورٹس کمپلیکس میں مختلف کھیلوں کے ٹرائلز کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انھوں تجویز دی کہ حکومت کو ہر یونین کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرے تو ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد نصف سے بھی کم رہ جائے گی اور اس سے ہسپتالوں کے بجٹ میں بھی خاطر خواہ کمی ہو گی۔ انھوںنے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نئی نسل میں سپورٹس مین شپ بڑھے گی اور ان کی سوچ میں مثبت تبدیلیاں پیدا ہوں گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ویڈیو اور کمپیوٹر گیمز کا استعمال ہمارے بچوں میں جسمانی کمزوری کا سبب اور قوت برداشت میں کمی کا باعث بن رہا ہے لہٰذا والدین کو چاہئے کہ بچوں کو کھیلوں میں میدان کی طرف راغب کریں ۔

اس موقع پر کمیٹی ممبر حاصر خان، میاں رشیداور عابد ملک نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی نئی کالونی کی تعمیر کو ایک کھیل کے میدان سے مشروط کرنا چاہئے تاکہ کھیلوں کو فروغ حاصل ہو سکے۔ پراجیکٹ منیجر واپڈا سٹی کہا کہ مستقبل میں واپڈا سٹی سپورٹس کا کھیلوں میں ایک امتیازی نام ہوگاجس کیلئے کھلاڑیوں کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :