مسلمانوں کو حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت مطہرہ کی سختی سے پابندی کرنی چاہیے،قائم مقام صدر فیصل آباد چیمبر

منگل 13 دسمبر 2016 23:34

فیصل آباد ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو اس دنیا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کیلئے حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت مطہرہ کی سختی سے پابندی کرنی چاہیے۔ وہ منگل کے روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عیدمیلاد النبی کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں چیمبر کے ممبران کے علاوہ سٹاف نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ آخری نبی ﷺ کی ولادت انسانیت کی بھلائی اور ایک فلاحی معاشرے کے قیام کی سمت ایک ایسا واقعہ ہے جوچودہ سو سال گزرنے کے باوجود بھی اپنی پوری آب و تاب سے روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورنبی کریم ؐ کی سیرت نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلمانوں کیلئے بھی مشعل راہ ہے اور اب دنیا کے مفکرین اس بات پر متفق ہیں کہ دنیا میںپائیدار امن وآتشی کیلئے آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ مسلمان نبی برحق اور محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کا یوم ولات بھرپور مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا اصل مقصد پیغمبر آخرالزمان کے اسوہ حسنہ کی تقلید کے عہد کی تجدید کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اسلام کی تعلیمات پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عمل کریں تو اس سے نہ صرف ہم اپنی دنیا بلکہ آخرت کو بھی سنوار سکتے ہیں۔ اس سے قبل نعت شریف پیش کی گئی جبکہ بعد میں رانا محمد سکندر اعظم خاں نے دیگر شرکاء کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ آخر میں حاجی محمد عابدنے دعا بھی کرائی۔