میاں محمد ادریس کا طیارہ کے سانحہ پر رنج و غم کا اظہار

منگل 13 دسمبر 2016 23:34

فیصل آباد ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے پی آئی اے کے طیارہ کے حالیہ سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے کی فوری نجکاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ایک طویل عرصہ سے مالی بحران کا شکار ہے۔

اس کے مالی معاملات اس قدر پیچیدہ ہو چکے ہیں کہ پی آئی اے کی انتظامیہ کے پاس نئے طیارے خریدنے کیلئے رقم نہیں جبکہ پرانے اور بوسیدہ طیاروں کو زبردستی چلایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے آئے روز حادثے پیش آر ہے ہیں جن کی وجہ سے اب مالی نقصان کے علاوہ قیمتی جانوں کا بھی ضیاع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی سروس اس حد تک ناقابل اعتبارہو چکی ہے کہ لوگ اس سے کہیں کم تر درجہ کی دوسری غیر ملکی فضائی کمپنیوں میں سفر کو زیادہ بہتر اور محفوظ سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے مالی خسارہ کو پورا کرنے کیلئے حکومت اب تک اس کو جتنے پیسے دی چکی ہے اس سے ایک نئی عالمی معیار کی جدید فضائی کمپنی قائم کی جا سکتی تھی جس کے پاس اپنے نئے اور سٹیٹ آف دی آرٹ طیاروں کا بیڑہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی صورتحال اب مالی سے بڑھ کر جانی نقصان کی حد تک پہنچ چکی ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور اور بلا حیل و حجت پی آئی اے کی فوری نجکاری کرے تا کہ نہ صرف اس کو خالصتاً کمرشل اور منافع بخش بنیادوں پر چلایا جاسکے بلکہ اس میں سفر کرنے والوں کی جانوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔