سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ نظم ونسق کو ہمہ وقت برقرر رکھا جائے، کمشنرفیصل آباد

منگل 13 دسمبر 2016 23:33

فیصل آباد ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ نظم ونسق کو ہمہ وقت برقرر رکھا جائے اور مریضوں ولواحقین کی آسائش کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ سرکاری ہسپتالوں پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے یہ بات گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کااچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرخالدفخر اوراسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز اور شعبوں کامعائنہ کرتے ہوئے ڈسپنسری پر مریضوں کوادویات کی بلاتعطل فراہمی اورریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے جس سے صحت کی سہولتوں کااچھا تاثرابھرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طبی مشینری کو ہمہ وقت فعال اورتمام ترتشخیصی انتظامات کوچوکس رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈزمیںزیرعلاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی اوران کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ادویات کی فراہمی اوردیگر طبی سہولیات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سرکاری ہسپتال کی اعلیٰ ترین کارکردگی برقراررکھنے کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اوراس سلسلے میں جاری قائمہ ہدایات وطریقہ کار پر مکمل عملدرآمد میں کسی جگہ کمی نظر نہیں آنی چاہیے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈویژنل کمشنر کو ہسپتال کی کارکردگی اورمریضوں کی روزانہ اوسط تعداد سے آگاہ کیا۔