ڈاکٹرز کمیونٹی نے چند مفاد پرست عناصر کی جانب سے ہڑتال کو مسترد کرکے میڈیکل پروفیشن کے وقار میں اضافہ کیا ہے،خواجہ سلمان رفیق

منگل 13 دسمبر 2016 23:23

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز کو مکمل طور پر فنکشنل رکھنے اور ہزاروں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات ا حسن طریقہ سے فراہم کرنے کے انتظامات پر میڈیکل کالجز کے پرنسپلز ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور تمام ڈاکٹرز کمیونٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کمیونٹی نے چند مفاد پرست عناصر کی جانب سے ہڑتال کو مسترد کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کو جاری رکھ کر میڈیکل پروفیشن کے وقار میں اضافہ کیا ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہارسول سیکرٹریٹ میں تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس ایز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، دیگر شہروں کے میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے بھی شرکت کی،خواجہ سلمان رفیق نے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز کو مکمل فنکشنل رکھنے اور مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی جاری رکھنے پرنسپلز اور ایم ایس ایز اور آؤٹ ڈور میں ڈیوٹی دینے والے تمام ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے بعض عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی دھونس ، دھمکی اور ہلڑ بازی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیئے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا کہ تمام میڈیکل کالجز ،یونیورسٹیوں کے پرنسپلز اور وائس چا نسلرز با اختیار ہیں اور انہیں اپنے ادارے احسن طریقہ سے چلانے کے لئے فری ہینڈ دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کالجز یا ہسپتالوں میں گڑ بڑ کرنے والے اور مریضوں کے علاج معالجہ میں مداخلت کرنے والے لوگوں کے خلاف میڈیکل کالج اور ہسپتال کی انتظامیہ یا ڈسپلنری کمیٹی جو بھی قانونی اقدام کرے گی حکومت اور محکمہ اس کی مکمل سپورٹ کرے گا، نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی ورکنگ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں حکومت ہر قسم کی سپورٹ فراہم کرے گی-