ملک بھر کی طرح کراچی میںبھی عید میلا دالنبی ﷺ پیر کو عقیدت واحترام سے منا یا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) ملک بھر کی طرح کراچی میںبھی عید میلا دالنبی ﷺ پیر کو عقیدت واحترام سے منا یا گیا،صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں قران خوانی ،اجتماعی دعائوں اور درود و سلام سے ہوا،شہر بھر سے جلوس و ریلیاں برآمد ہو ئیں اور میلاد کی محافل اور سیرت النبی کانفرنس منعقد کی گئیں ۔میلاد مصطفیﷺ کی خوشی میں پورے کو روشنیوں سے سجایااور سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا تھا۔

کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری ، حاجی حنیف طیب ، علامہ ابرار رحمانی ،محمد حسین لاکھانی و دیگر علماء مشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے سہ پہر کو برآمد ہوا ،جلوس کے شرکاء کیلئے مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی پر لگایا گیا جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر کیمپ اور سبلیں لگائی گئیں۔

(جاری ہے)

جلوس کے شرکاء پر حسب روایت گل پاشی کی گئی ۔ مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں او رایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشتر پارک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔ سیکورٹی خدشات کی وجہ سے عید میلاد النبی کے مرکزی اجتماع میں داخل ہونے کیلئے صرف نمائش چورنگی سے نشتر پارک آنے کا راستہ دیا گیا جبکہ اطراف کی تمام گلیوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کیا گیا تھا ۔

نشتر پارک میں جلوس کے شرکاء نے نماز عصر اور مغرب ادا کی ۔ اس موقع پر علماء کرام نے عالم اسلام باالخصوص فلسطین، کشمیر،عراق ،افغانستان اور شہدائے میلاد النبی کے لیے قران خوانی ،فاتحہ خوانی و دعائے مغفرت کی اورعالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی ،ترقی و خوشحالی وامن کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں ۔عید میلاد النبی کے جلوس اور ریلیوں کیلئے انتظامیہ کی جانب سے انتہائی سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے ، نشتر پارک کے اطراف کی تمام عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات تھے ، جلوس کی سیکورٹی اور شرکاء کی رہنمائی کیلئے اسکائوٹس کی مختلف تنظیموں نے بھی اپنے فرائض انجام دیے ۔

متعلقہ عنوان :