کراچی ،فن لینڈ پاکستان بزنس کائونسل اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے تعلیم کے فروغ کیلئے طویل مدت تعاون کے معاہدے پر دستخط

منگل 13 دسمبر 2016 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) فن لینڈ پاکستان بزنس کائونسل (ایف پی بی سی) اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے ایک طویل مدت تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے۔ یو ایم ٹی تعلیم کے فروغ کیلئے ایف پی بی سی کا 2017 کا خصوصی پریمئر پارٹنز بن گیا ہے۔ یو ایم ٹی کے ریکٹر ڈاکٹر حسن صہیب موراب اور ایف پی بی سی کے چیئرمین ولی ایرولا ( Wille Eerola) نے منگل کے روز لاہور میں معاہدے پر دستخط کئے۔

فن لینڈ پاکستان بزنس کائونسل کے چیئرمین اور فن لینڈ میں پاکستان کے اعزازی سفیر ولی ایرولا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیومن ڈیولپمنٹ ایجوکیشن انڈکس اور پروگرام برائے انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ اسسمنٹ (پی آئی ایس ای) کے بین الاقوامی معیار کے مطابق فن لینڈ میں دنیا کا بہترین تعلیمی نظام موجود ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہمارے لئے انتہائی مسرت کی بات ہے کہ پہلی مرتبہ ایک صف اول کی پاکستانی یونیورسٹی اور فن لینڈ میں تعلیم کے شعبے سے منسلک ایک صف اول کا ادارہ مل کر کام کریں گے۔

ہم یقین رکھتے ہیں کہ اس نوعیت کے تعاون کے باعث پاکستان کے نوجوانوں کیلئے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے اور ہم ان منفرد مواقعوں کی فراہمی کا ذریعہ بننے پر بہت پر جوش ہیں۔ یو ایم ٹی کے ریکٹر ڈاکٹر حسن صہیب موراب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ اعلیٰ معیار اور بہترین شہرت رکھنے والے اداروں کے ساتھ اشتراک کی بدولت معلومات اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں تیزی آئے گی جس کی بدولت پاکستان میں صنعتوں اور کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا۔

یو ایم ٹی کو تمام تعلیمی اداروں سے مکمل معاونت ملے گی اور ہم پر امید ہیں کہ یہ اشتراک پاکستان اور نورڈک یونیورسٹیوں کے درمیان معاونت کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔پاکستان میں فینشن سکول سسٹم کے اطلاق کے علاوہ فین لینڈ بزنس کونسل اور یونیورسٹی آ ف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی 2017 کے دوران تعلیمی ترقی پر متعدد تقریبات کی میزبانی کریں گے۔

نارڈک پاکستان بزنس سمٹ (این پی بی ایس) کا پہلا اہم ایونٹ ہلسنکی، فن لینڈ میں 19 جنوری 2017 کو منعقد ہوگا۔ یونیورسٹی آ ف منجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی بھی نارڈک پاکستان بزنس سمٹ کے ایونٹس کے اہم سپانسرز میں سے ایک ہے، اس سلسلے کا پہلا ایونٹ جنوری میں ہیلسنکی میں اور دوسرا اپریل میں لاہور میں ہوگا۔ ایف پی بی سی اور این پی بی ایس کے کو-چیرمین حسن رضا نے کہا کہ تعلیم اورصنعتی ربط کی حوصلہ افزائی کا یہ بہترین طریقہ ہے۔

پاکستان کے کاروباری میدان کے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور فن لینڈ کے بہترین کیس اسٹدیز کو ایکسپلور کرنے کیلئے اگلے دو ایونٹس کیلئے یونیوریسٹی آ ف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون پر ہم پرجوش ہیں۔فن لینڈ بزنس کونسل کا قیام فنلیڈ میں 1985 میں عمل میں آیا تھا اور یہ دنیا میں سب سے پرانی پاکستان بزنس کائونسل ہے۔ ایف پی بی سی ایک آ زاد، غیر منافع بخش اور غیر سرکاری تنظیم ہے جو فن لینڈ اور پاکستان دونوں جگہوں میں پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان کاروبار، تعلیم، ثقافت اور فنون کو ترقی دینے، سہولیات فراہم کرنے اور تعلقات کو مانیٹر کرنے کیلئے کام کرتا ہے۔