پیپلزپارٹی کی وہی رائے ہے جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہے،سینیٹر سعید غنی

شاہ محمود قریشی، یوسف رضا گیلانی کی بجائے اپنی پارٹی کی وضاحت کریں،کس کی رائے سے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کیا اور کس کی رائے سے فیصلہ واپس لیا،رہنما پیپلز پارٹی

منگل 13 دسمبر 2016 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی وہی رائے ہے جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رائے ہے۔ شاہ محمود قریشی کو یوسف رضا گیلانی کی فکر کرنے کی بجائے اپنی پارٹی کی وضاحت کرے کہ کس کی رائے تھی کہ پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کیا جائے اور کسی کی رائے سے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لیا۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی کی سیاست تضادات کا شاہکار ہے۔ کبھی کوئی پردہ نشین امپائر کاذکر سننے میں ملتا ہے تو کبھی کوئی اور ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایسا لگتا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی روح میں رانا ثنا اللہ اور طلال چوہدری تحلیل ہوگئے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی ملک اور عوام کے اصل معاملات اور مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ڈرامہ بازی کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی صرف ایک آواز ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بلاتاخیر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات تسلیم کرے کیونکہ چیئرمی بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات پارلیمنٹ کی بالادستی، جمہوریت کی بقاء، دہشتگردی کے خاتمے اور راہداری پر قومی اتفاق رائے پیدا کرے گی۔