سیالکوٹ میں بھی عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 23:13

سیالکوٹ ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا ۔ ضلع بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 113رجسٹرڈ جلوس نکالے گئے۔ جن میں اے کٹیگری کی6، بی کیٹیگری کی19اور سی کیٹگری کے 88جلوس تھے۔ ان جلوسوں کے علاوہ ضلع بھر میں گلی گلی ، نگر نگر اور محلوں میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں بھرپور جوش و جذبہ کے ساتھ جلوس نکالے گئے ۔

مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں بچوں ، بڑھوں اور بزرگوں کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ جلوس کے شرکاء نبی کریم ﷺ پر درود و سلام اور نعت کے گلدستے بھجواتے رہے ۔ شہر بھر کو برقی قمقموں اور خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

شہر کے علاوہ دیہاتوں میں بھی نوجوانوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں گلی ، محلوں اور عام شاہراہوں کو سجایا ہوا تھا ۔

سرکاری عمارتوں پر برقی قمقموں کے ساتھ لائٹنگ کی گئی تھی ۔ علماء اکرام نے جلوس میں مذہبی جو ش و جذبہ کے ساتھ خصوصی شرکت کی اور آپﷺ کی شان اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا ۔ سارا دن ہر طرف عید کا سماں رہا ۔ لوگ رات گئے تک عید میلاد النبیﷺ مناتے رہے اور محافل ، ذکر و نعت کی خصوصی محافل کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :