میئر اور ڈپٹی میئرز مکمل مدت کے لئے بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں ، غلام دستگیر خان

منگل 13 دسمبر 2016 23:13

گوجرانوالہ۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ میئر کے ٹکٹ کے لئے اسلام آباد میں کوئی ڈیل نہیں کی گئی ، میئر اور ڈپٹی میئرز مکمل مدت کے لئے بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنی رہائش پر ایم ایل اے چوہدری اسماعیل گجرکی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ بعض مقامی اخبارات کی ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ میئر کی مدت کے حوالے سے لیگی قیادت میں کوئی فارمولا طے پایا ہے، حقیقت یہ ہے کہ شیخ ثروت اکرام کو شہر کے منتخب چیئرمینوں کی دو تہائی سے زیادہ اکثریت کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور وہ گوجرانوالہ کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ، شہر کی بہتر خدمت کے لئے ضروری ہے کہ اب ہر قسم کی افواہیں ختم ہو جانی چاہئیں اور کسی کو اس بارے میں ابہام نہیں ہونا چاہئے،میڈیا کے نمائندوں سے التماس ہے کہ محض قیاس آرایئوں پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کریں،انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ شہر کی ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مشن میں سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔