Live Updates

وزیر اعلی شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ، ڈرگ ایکٹ 1976 ء میں ترامیم کا فیصلہ

ڈرگ ریگولیٹراتھاٹی کے قیام کی منظوری، یہ اتھارٹی مکمل طور پر خود مختار ادارہ ہو گا، تنظیمی ڈھانچے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف مہم میں مجھے نتائج چاہیئں:وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب

منگل 13 دسمبر 2016 23:07

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کے روز یہاں تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہواجس میں صوبے میں صحت عامہ کے اصلاحاتی پروگرام خصوصا جعلی و غیر معیاری ادویات کے خاتمے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میںڈرگ ایکٹ 1976ء میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت کرنے والوں کے خلاف سزائیں سخت کی جائیں گی اورایسے عناصر کی بیخ کنی کیلئے جرمانوں میںاضافہ کیا جائے گا ،اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی،وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے جعلی اور غیر معیاری ادویات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ،جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر موت کے سوداگر ہیں اس لئے جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار اور فروخت کرنے والوں کو نشان عبرت بنانا ہو گا، انہوںنے کہاکہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور اس مکروہ کاروبار کا صوبے سے مکمل خاتمہ کر دیں گے ،انہوںنے کہا کہ معیاری ادویات ہر مریض کا حق ہے اور یہ حق اسے ہرصورت پہنچائیں گے ، وزیر اعلی نے لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر چار بڑے شہروں میں جدید ترین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبزکو آئندہ سال جون تک فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ترین ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا قیام معیاری ادویات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے ، اس لئے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے قیام کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے، وزیراعلی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر خود مختار ادارہ ہو گا، وزیر اعلی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیف ڈرگ کنٹرولر کے آفس کی تنظیم نو کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے،انہوںنے کہا کہ مجھے جعلی و غیر معیاری ادویات کے خلاف مہم میں نتائج چاہیئں، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پراسیکیوشن، طبی ماہرین اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :