راول ٹاون ،تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام‘ 12ربیع الاول کے سلسلے میں گلیاں سجانے کا مقابلہ

مقابلے میں گلی نمبر8کی پہلی پوزیشن‘ مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات کی تقسیم ، ٹرافیاں بھی دی گئیں

منگل 13 دسمبر 2016 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13دسمبر۔2016ء) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام راول ٹاوٴن میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر مسلسل دوسرے برس گلیاں سجانے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا‘ گلی نمبر 8کی پہلی پوزیشن‘مقابلے جیتنے والوں کو ٹرافیاں دی گئیں اور دیگر انعامات تقسیم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی یونین کونسل 24 راول ٹاوٴن میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 12ربیع الاول کو جشن عید میلاد النبی کے موقع پر مسلسل دوسرے سال گلیاں سجانے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں یونین کونسل کے کئی افراد حصہ لیا اور گلیوں کو خوبصورت ، جھنڈیوں ، روشنیوں اور دیگر طریقوں سے سجایا گیا تاہم اس مقابلے میں راول ٹاوٴن کی گلی نمبر 8نے میدان مار لیا اور پہلے انعام کی حقدار قرار پائی۔

میلاد کے جلوس کے اختتام پر میلاد کے منتظمین پر مشتمل کمیٹی نے موقع کا دورہ کرکے تفصیلی جائزہ لینے کے بعداس گلی کو پہلے نمبر کا انعام دینے کا اعلان کیا۔ گلی سجانے میں شریک رہائشیوں کو یوسی چیئرمین سید ظہیر شاہ کی جانب سے انعامی ٹرافی اور دیگر انعامات دیئے گئے ۔