مولانا فضل الرحمن کی جنید جمشید کے گھر پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت

منگل 13 دسمبر 2016 22:59

مولانا فضل الرحمن کی جنید جمشید کے گھر پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہا ہے کہ جنید جمشید قوم کا عظیم سرمایہ تھے اور انہوںنے اپنی زندگی میں تبدیلی لاکر نہ صرف اپنی اخروی زندگی کامیاب بنائی بلکہ اور بہت سوں کیلئے اصلاح کا باعث بھی بنے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو طیارہ حادثے میںشہید ہونے والے معروف ثناء خواں جنید جمشید کے گھر پر ان کے بھائی ہمایوں جمشید، بیٹوں، سسر اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے علامہ راشد محمود سومرو، قاری محمد عثمان، مولانا عبدالکریم عابد، ڈاکٹر نصیرالدین سواتی اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے مختصر تعزیتی بیان میں کہا کہ جنید جمشید قوم کا عظیم سرمایہ تھے اور انہوںنے اپنی زندگی ایک ایسے موقع پر بدلی جب ان کا عروج تھا۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے نہ صرف اپنی اخروی زندگی کا سامان بنایا بلکہ اور بہت سوں کے لئے اصلاح کا سبب بھی بنے اور یہی وجہ ہے کہ آج قوم کا ہر فرد ان کے لئے خیر کا جذبہ رکھتا ہے اور اس آزمائش کے موقع پر ان کے لواحقین کے ساتھ کھڑا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آزمائش پر صبر اور آسائش پر شکر مومن کی شان ہے۔ بعدازاںانہوںنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے میں 47 افراد شہید ہوئے، وہ سب ہمارے لئے محترم ہیں اور اس حادثے پر پوری قوم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حادثے کا کڑا احتساب ضروری ہے جو بھی اس میں ملوث ہے ان کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔

دریں اثناء جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن منگل کو کراچی میں جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن اور جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کا دورہ کیا جہاں پر شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان، شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر اور دیگر علماء سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔