میرپورخاص کے لوگوں نے شاندار اور والہانہ استقبال کر کے ہمیں کامیابی سے ہمکنار کر دیا ، سید مصطفی کمال

عوام نے اپنی اور آنے والی نسلوں کی قربانی دی لیکن کیاملا،جن کمروں میں بیٹھتے تھے وہاں عوام کی فلاح و بہبود کی کوئی بات نہیں ہوتی تھی جن لوگوں نے پتھر مارے آج ہمارے قافلے کا حصہ ہیں کارکنان کو ہمت، حوصلے اور صبر پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،چیئرمین پی ایس پی

منگل 13 دسمبر 2016 22:54

میرپورخاص کے لوگوں نے شاندار اور والہانہ استقبال کر کے ہمیں کامیابی ..
میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء)پاک سرزمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال ، صدرانیس قائم خانی ، سیکریٹری جنرل رضاہارون،سینئر وائس چیئر مین انیس احمد ایڈوکیٹ اوروائس چیئرمین اشفاق منگی1 روزہ دورے پرمیرپور خاص پہنچے تو میرپورخاص میں عوام کے سمندر نے رہنماؤں کاپرجوش استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ، پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفی کمال ، صدر انیس قائم خانی اور دیگر مرکزی رہنمانے قائداعظم گیٹ پر پرچم کشائی ، مہاجر کالونی چوک اور بعد ازاں سیٹلائیٹ ٹاؤن میں آفس کا افتتاح کیا ، اس موقع پر عوامی سمندرسے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاآج کا والہانہ استقبال اللہ کی تائید اور نصرت کی کھلی گواہی ہے میرپورخاص کے لوگوں نے شاندار اور والہانہ استقبال کر کے ہمیں کامیابی سے ہمکنار کر دیا قدرت کا قانون ہے کہ اگر ظلم حد سے بڑھ جائے تو ظالموں کی جگہ نئے لوگ آجاتے ہیں ،30 سالوں میں عوام نے اپنی اور آنے والی نسلوں کی قربانی دی لیکن عوام کو کیا ملا،جن کمروں میں بیٹھتے تھے وہاں عوام کی فلاح و بہبود کی کوئی بات نہیں ہوتی تھی ظلم و زیادتی کی انتہاہ دیکھ کر سابقہ پارٹی سے علیحدہ ہوئے ، سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہم نے تمام عہدوں اور آسائشوں کو عوام کی خاطر ٹھکرایا اور عوام کی خاطر ہی ہم واپس آئے ہیں ، ہم نے وقت کے فرعونوں کو للکارا اور اپنی زندگیاں داؤ پر لگائیں کے آنے والی نسل کو تحفظ دینے کی کوشش کی ،ہم نے سچ کہہ دیا اس لیے ہم کامیاب ہیں ماننا نہ ماننا عوام کا کام ہے ہم سے نہ ماننے والوں کا سوال نہیں ہوگا،انہوںنے کہا کہ آج کا منظر محبتیں بانٹنے کی نتیجہ ہے جن لوگوں نے پتھر مارے آج ہمارے قافلے کا حصہ ہیں کارکنان کو ہمت، حوصلے اور صبر پر خراج تحسین پیش کرتا ہوںکارکنان کھلے دل سے سب کو معاف کریں اور عاجزی اختیار کریں سیاسی مخالفین کو گلے لگائیں، پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے اقتدار اور طاقت کی قربانی دی ہے ، وہ لوگ جو ہمیں قوم کے باپ کا غدار کہتے ہیں اسی باپ کے کہنے پر استفی دینے کے لیے تیار نہیںہیں ہم اس ملک کے لوگوں کی آپس کی نفرت، فرقہ واریت اور نسل پرستی کو ختم کردیں گے ، 23 دسمبر کو عوام حیدرآباد پکا قلعہ جلسے میں شرکت کریں اور دیگرلوگوں کو بھی اپنے ہمراہ وطن پرستی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دیں ،اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہر لحاظ سے تاریخی دن ہے،ہمارے ساتھ چند نادان لوگوں نے جوسلوک کیا اسی وقت انہیں معاف کر دیا تھا اور آج انہی لوگوں نے ہمارا پرجوش اور تاریخی استقبال کر کے ثابت کردیا کہ گمراہی کے بت ٹوٹ چکے ہیں ،ہم محبتیں بانٹنے کیلئے آئے ہیں اس لیے کارکنان نفرتیں ختم کر کے محبتیں بانٹیں،کراچی سے کشمور تک عوام کے مسائل کا حل چاہتے ہیں،انہو ں نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے 2018 تک نہیں رکیں گے اور اپنے عوام کے ساتھ مل کر ان کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کریں گے ،سیکریٹری جنرل پی ایس پی رضا ہارون نے کہا کہ میر پور خاص میں پاک سر زمین پارٹی کے امتحانوں کا آغاز ہوا تھا اور آج صرف 8 ماہ کی جدوجہد کے بعد عوام نے بھرپور محبت دی اور محبت کے پیغام کو آگے پہنچایا اس پر ان کے شکر گزار ہیں ، قبل ازیں سید مصطفی کمال نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ میر پور خاص سے کراچی جانے والی ٹرین کو عوامی مفاد میں بحال کریں ۔