جماعة الدعوة کراچی کے تحت سندھ اسمبلی کے غیر آئینی و غیر اسلامی بل کیخلاف کل جماعتی مجلس مشاورت (آج) ہوگی

’’دفاع اسلام کارواں‘‘ کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا

منگل 13 دسمبر 2016 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) جماعة الدعوة کراچی کے تحت سندھ اسمبلی کے غیر آئینی و غیر اسلامی بل کے خلاف کل جماعتی مجلس مشاورت آج 14 دسمبر کو گلشن اقبال میں ہوگی۔ جس میں 18 دسمبر کے سفاری پارک سے ایم جناح روڈ تک ’’دفاع اسلام کارواں‘‘ کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا، مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں مجلس مشاورت کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔

جس میں تمام دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔ جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی مینارٹی بل کی آڑ لے کر قبول اسلام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ متنازع بل آئین کے بھی منافی ہے۔ 18 دسمبر کو اہالیان کراچی ثابت کردیں گے کہ وہ قبول اسلام کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18 سال سے کم عمر افراد پر قبول اسلام کی پابندی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ سندھ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے نام پر سیاست کر رہی ہے۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں غیر اسلامی اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قوانین کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ اسلام جبر کی اجازت نہیں دیتا، سندھ حکومت جبر سے کیسے کام لے رہی ہے۔ نو مسلم افراد کسی جبر کے بغیر مرضی سے دائرہ اسلام میں داخل ہوتے ہیں۔ نو مسلموں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اور انہیں حراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ دینی و سیاسی جماعتوں کے ہمراہ بھرپور تحریک چلاکر تمام غیر اسلامی اور آئین پاکستان کی روح کے منافی قوانین کا راستہ روکیں گے۔