ایس ایم منیربزنس کمیونٹی کومتحدکرنے کی بجائے تباہ کررہے ہیں،وفاقی حکومت بزنس کمیونٹی کی سیاست میں دلچسپی ، فیڈریشن الیکشن میں عمل دخل پر ٹی ڈی اے پی کے عہدے سے فوری برطرف کرے

پاکستان بزنس گروپ وبزنس مین پینل کے رہنما?ں کامطالبہ

منگل 13 دسمبر 2016 22:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مین پینل کے رہنمائوں مہتاب الدین چاولہ، سلطان چاولہ،عبدالرحیم جانو،میاں زاہدحسین،محمدیحییٰ پولانی، عبدالوحیدشاہ،ثاقب فیاض مگوں اورذکریاعثمان نے کہاہے کہ ایس ایم منیربزنس کمیونٹی کومتحدکرنے کی بجائے تباہ کررہے ہیں۔وفاقی حکومت ایس ایم منیر کو بزنس کمیونٹی کی سیاست میں دلچسپی اور فیڈریشن الیکشن میں عمل دخل پر ٹی ڈی اے پی کے عہدے سے فوری برطرف کرے۔

پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت سرکاری اہلکار فیڈریشن اور کسی بھی الیکشن میں عمل دخل نہیں کر سکتا۔بزنس کمیونٹی اس مرتبہ کسی کی بلیک میلنگ کا شکار نہیں ہوگی اور فیڈریشن میں آمریت کا قائم کرنے والوں کو ان کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مین پینل کا اتحاد ملک بھر کے تاجروں اورصنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور جدوجہد کرے گا اور فیڈریشن کے انتخابات میں کامیابی کے بعد ایف پی سی سی آئی کا درخشاں ماضی ایک مرتبہ پھر واپس لائیں گے۔

منگل کو پی بی جی اوربی ایم پی کے الیکشن سیل سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں گروپوں کے رہنما?ں نے کہاکہ ایس ایم منیر نہ صرف فیڈریشن بلکہ تاجر برادری کو بھی تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔وہ سی ای اوٹی ڈی اے پی کے عہدے کا ناجائزفائدہ اٹھاکرایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیرٹڈاپ کے سی ای اوہیں اور یہ سرکاری عہدہ ہے ساتھ ہی ساتھ وہ یونایئٹڈ بزنس گروپ کے چیف پیٹرن بھی ہیں اور انہوں نے پورا سال ایف پی سی سی آئی کے ووٹروں پر اثر انداز ہونے پر صرف کیا۔

ایس ایم منیرکی بطورسی ای او ٹی ڈی اے پی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ان کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کی ایکسپورٹ کو5ارب ڈالر کاناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیر اپنے اڑھائی سالہ دور میں ٹڈاپ پر توجہ دینے کی بجائے ایف پی سی سی آئی کی سیاست میں مداخلت کرتے رہے اور اپنے من پسند صنعت کاروں کو نوازا۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیرکو سیاست کازیادہ ہی شوق ہے تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں پھرسیاست میں حصہ لیں۔

بزنس مین پینل کے رہنما?ں نے کہاکہ ایس ایم منیرنے ایف پی سی سی آئی کے گزشتہ الیکشن میں بھی ووٹروں کو بلیک میل کرکے ووٹ حاصل کیے، انہوںنے کہا کہ بزنس کمیونٹی مخالفین کے ہتھکنڈوں کو سمجھ چکی ہے اور وہ جانتی ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران کس طرح ان کے کاندھے کو استعمال کرکے ذاتی فوائد حاصل کیے گئے ہیں۔اس مرتبہ تاجروصنعتکاربرادری ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔

انہو ں نے کہا کہ فیڈریشن میں آمریت قائم کرنے والے کسی منہ سے جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔ان کا بھیانک چہرہ بزنس کمیونٹی کے سامنے عیاں ہوچکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی، بالخصوص ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل باڈی کے ممبران امیدوار کی قابلیت اور صلاحیتوں کو مد نظر رکھ کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اور ایف پی سی سی آئی کو کمزور کرنے والے یو بی جی گروپ کو مسترد کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :