صدر سرحد چیمبرآف کامرس حاجی محمد افضل کا سینئر نائب صدر محمد اقبال اور نائب صدر عابد اللہ یوسفزئی کے ہمراہ خیبر آئی فائونڈیشن ویلفیئر آئی ہسپتال گلبہار کا دورہ

منگل 13 دسمبر 2016 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء)سرحد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل نے چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اقبال اور نائب صدر عابد اللہ یوسفزئی کے ہمراہ گذشتہ روز خیبر آئی فائونڈیشن ویلفیئر آئی ہسپتال گلبہار کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر خیبر آئی فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر سعید ،ْ سابق چیئرمینز صوفی بشیر احمد درانی ،ْ خالد سلطان خواجہ ،ْ خان حاجی ،ْ ڈائریکٹر فیض محمد فیضی اور شجاع محمد بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل نے خیبر آئی فائونڈیشن کے مختلف شعبہ جات ،ْآپریشن تھیٹرز ،ْ او پی ڈی ،ْ لیبارٹریزاور مختلف ٹیسٹوں کیلئے قائم خصوصی شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔ سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کو خیبر آئی فائونڈیشن کے زیر اہتمام لگائے گئے آئی کیمپ سے متعلق تفصیلات بھی بتائی گئیں۔

(جاری ہے)

ایک ملٹی میڈیا پریذینٹیشن کے ذریعے اُنہیں بتایا گیا کہ ہسپتال میں روزانہ 25 سے 30 مریضوں کا آپریشن کیا جاتا ہے جبکہ 400 سے 500 غریب و مستحق مریضوں کا مفت آپریشن کیاجاتا ہے ۔

اُنہیں بتایا گیا کہ 2002 ء سے اب تک 3لاکھ 70 ہزار مریضوں کا معائنہ کیاگیا جن کو ادویات کے علاوہ مختلف قسم کی عینکیں مفت فراہم کی گئیںجبکہ 27 ہزار 563 مریضوں کی کیٹرک سرجری کی گئی جن پر 11 کروڑ 2 لاکھ 52 ہزار روپے خرچ ہوئے۔ اُنہیں بتایا گیا کہ خیبر آئی فائونڈیشن کے زیر اہتمام سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کی آنکھوں کا علاج سکول کے اندر ہی مفت کئے گئے اور انہیں موقع پر مفت عینکیں اور ادویات فراہم کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 72 ہزار 121 طلباء و طالبات کا معائنہ کیاگیا۔ سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے خیبر آئی فائونڈیشن کی جانب سے آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا متاثرہ ،ْ غریب ،ْنادار اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی بہتر اور مفت سہولیات کی فراہمی پر چیئرمین اور سابق چیئرمینز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خیبر آئی فائونڈیشن ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جو گرانقدر خدمات ا نجام دے رہا ہے بزنس کمیونٹی اور عوام اُسے قدر کی نگاہ دیکھتی ہے۔

انہوں نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے خیبر آئی فائونڈیشن ویلفیئر آئی ہسپتال کو ہر ممکن سپورٹ اور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ہسپتال میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی خدمات کو سراہا۔