اے ٹی آئی نے ملک بھرمیںعید میلاد النبی جوش و جذبے سے منایا ،پانچ ہزار جلوس اورآٹھ ہزار مشعل بردار ریلیوں کا انعقاد

منگل 13 دسمبر 2016 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء)انجمن طلباء اسلام کے زیر اہتمام بارہ ربیع الاول کوملک بھر میں پانچ ہزارسے زائدعید میلاالنبی ؐاورگیارہ ربیع الاول کو بعد نماز مغرب آٹھ ہزار سے زائدمقامات پر مشعل بردار ریلیاں اور تمام چھوٹے بڑے شہروں ،دیہاتوں اور قصبوں میں میلاد مصطفی کانفرنسوں، فداک یارسول اللہ موٹر سائیکل ریلیوں اور میلاد مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔

اے ٹی آئی نے عید میلاد النبی کو جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا ۔ عید میلاد النبی کے موقع پر مختلف شہروں میں سیرت النبی کے موضوع پر تحریری و تقریری مقابلوں کابھی اہتمام کیاگیا اور گلیاں سجانے والوں کو انعامات بھی دئیے گئے ۔اس موقع پرمختلف اجتماعات میںچکوال میں عیدمیلادالنبی ؐکے جلوس پر قادیانیوں کی فائرنگ اور دو مسلمانوں کو شہید اور سات کو زخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کی گئی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اے ٹی آئی کے مرکزی صدر سیدبو علی شاہ نے گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم کی ذات وجہ تخلیق کائنات ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں سیرت طیبہ مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ عیدمیلاالنبی ؐ کے جلوس پر حملہ کرنے والے کو حکومت لگام ڈاے ۔مرکزی نائب صدر احمد رضا طیب نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماہ ربیع الاوّل کے بابرکت ایام ہمیں سیرت رسول پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتے ہیں۔

حب رسول دین حق کی شرط اوّل ہے۔مرکزی سیکریڑی جنرل افتخار احمد نے کہا رحمت عالم کے ذکر سے ایمان کو جلا ملتی ہے اور سینے منور ہوتے ہیں۔ حضور نبی کریم کے ساتھ اپنی جان، اولاد اور مال سے زیادہ محبت کئے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔مرکزی جوائنٹ سیکریڑی نعمان الجبار نے کشمیر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کی فلاح کا انحصار اسوہ رسول کو اپنانے میں ہے۔

تعلیمات نبوی میں ہی دور جدید کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔مرکزی سیکریڑی اطلاعات سید وقار علی شاہ نے اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا دنیا کی کوئی طاقت جذبہ عشق مصطفی کو مومن کے دل سے نہیں نکال سکتی ہے۔ مسلمانوں کے سینوں سے محبت رسول کے جذبوں عقیدتوں کو نکالنے کیلئے کفریہ طاقتیں اور ان کے ایجنٹ تمام تر حربوں اور سازشوں کا استعمال کررہے ہیں ۔

ناظم پنجاب ارشد قادری نے سرگودھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وجہ تخلیق کائنات کا میلاد منانا ہر مسلمان پر لازم ہے کیونکہ عشق رسول ؐ کے بغیر ہمار ا ایمان نامکمل ہے معاشرے کے نوجوانوں کو سیرت رسول پاک کابغور مطالعہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تعلیمات مصطفوی میں ہی ہماری کامیابی مضمر ہے۔ صوبائی سیکریڑی اطلاعات محمد اکرم رضوی نے چھانگامانگا میں خطاب کرتے ہوئے کہا پیغمبر اسلام کا اسوہ حسنہ زندگی سنوارنے کا بے مثال نمونہ ہے۔

خود کو اسوہ رسول کے تابع کرنا حب رسول کا لازمی تقاضا ہے۔ عشق کے قرینوں میں پہلا قرینہ احترام رسالت مآب ہے۔ جسدل میں احترام رسو ل نہیں وہ دل نہیں پتھر کی سِل ہے۔ صوبائی فنانس سیکریڑی قاضی عبدالصبور نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا پیغمبر اسلام نے ایک بے مثال معاشرہ قائم کیا اور تمام امتیازات کو مٹاکر عزت اور فضیلت کا معیار تقوی کو قرار دیا۔

اسوہ رسول کی پیروی ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔آمد مصطفی سے پوری دنیا میں توحید کا نور پھیلاہے۔ حکمران سیرت مصطفی سے رہنمائی حاصل کریں۔ سیرت نبی کو رہنما بنانے والا کبھی ناکام نہیں ہوتا۔عامر اسماعیل ،طیب شیخ اور زبیر ملک نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور کی حیات طیبہ انسانیت کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ اسوہ حسنہ پر عمل ہی تمام مسائل کا حل ہے۔

12ربیع الاول عالمگیر انقلاب کا دن ہے۔ پاکستان کا مقد ر سیکولر ازم نہیں نظام مصطفی ہے۔ عیدمیلاالبنی ؐ کے موقع پر ملتان میں احسان جٹ ،بورے والا میں اظہر گھمن ،قصور میں ملک خرم شہزاد،ننکانہ میں رانا اظہر حسین ،مریدکے میں حمزہ علی قادری ،اور دیگر مرکزی وصوبائی عہدیداروں نے مختلف شہروں میں اجتماعات سے خطابات کیے ۔