پیپلزپارٹی کی وہی رائے ہے جو بلاول بھٹو زرداری کی ہے، شاہ محمود قریشی کو یوسف رضا گیلانی کی فکر کرنے کی بجائے اپنی پارٹی کی وضاحت کرے

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی کا بیان

منگل 13 دسمبر 2016 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وہی رائے ہے جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رائے ہے۔ شاہ محمود قریشی کو یوسف رضا گیلانی کی فکر کرنے کی بجائے اپنی پارٹی کی وضاحت کرے کہ کس کی رائے تھی کہ پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کیا جائے اور کسی کی رائے سے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لیا۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی کی سیاست تضادات کا شاہکار ہے۔

(جاری ہے)

کبھی کوئی پردہ نشین امپائر کاذکر سننے میں ملتا ہے تو کبھی کوئی اور ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی روح میں رانا ثنا اللہ اور طلال چوہدری تحلیل ہوگئے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ صاف نظر آرہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی ملک اور عوام کے اصل معاملات اور مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ڈرامہ بازی کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی صرف ایک آواز ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بلاتاخیر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات تسلیم کرے کیونکہ چیئرمی بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات پارلیمنٹ کی بالادستی، جمہوریت کی بقاء، دہشتگردی کے خاتمے اور راہداری پر قومی اتفاق رائے پیدا کرے گی۔