سیالکوٹ،محکمہ اوقاف نے 40سال سے قابض ناجائز قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کروا لی

منگل 13 دسمبر 2016 22:28

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء)منیجر محکمہ اوقاف سیالکوٹ سرکل نے 40سال سے زائد عرصہ کے بعد ناجائز قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کروا لی، شہری حلقوں کا محکمہ اوقاف کو خراج تحسین ، تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی عظیم روحانی ہستی دربار حضرت امام علی الحق شہیدؒ سے ملحقہ مکان پرناجائز قابضین نے ملی بھگت کر کے قبضہ کر رکھا تھا جس سے محکمہ اوقاف کو مسلسل نقصان ہو رہا تھا ۔

محکمہ اوقاف سیالکوٹ سرکل کے منیجر غلام مصطفیٰ نے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے عرصہ 40سے زائد ناجائز قابضین سے سرکاری مکان کو واگزار کروا لیا ہے ۔ سرکاری املاک پر قبضہ کرنے والے با اثر عناصر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے محکمہ اوقاف کی قیمتی اراضی کو ہتھیانے چاہتے ہیں لیکن محکمہ اوقاف کے حکام کی بروقت کارروائی سے بیشتر ناجائز قابضین اپنی منفی سرگرمیوں میں ناکام ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف سیالکوٹ سرکل غلام مصطفی نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کی وقف پراپرٹی پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔اگر سیالکوٹ سرکل میں کہیں قبضہ ہوا ہے تو اس کو ہر صورت میں واگزار کروائیں گے ۔سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ واگزار ہونے والی جگہ کو زائرین کی سہولت کے لئے سائیکل اسٹینڈ کے لئے مختص کیا جائے گا تا کہ زائرین کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔