سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتما م جشن عید میلاد النبی جوش و جذبہ اور عقیدت احترام کے ساتھ منایا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 22:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس مرکزی دارالعلوم جامعہ رضویہ مظہر اسلام آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان جھنگ بازار سے نکالا گیا۔ جلوس کی قیادت سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔ مرکزی جلوس صبح 9بجے روانہ ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ جھنگ بازار دربار محدث اعظم پاکستان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔

جلوس کا راستے میں جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ شہر بھر سے سینکڑوں جلوس مرکزی جلوس میں شریک ہوئے ۔ جلوس کے شرکاء سیدی مرشدی یا نبی یانبی، ہم اپنے نبی کے دیوانے، آقا کا میلاد ہوتا رہے گا جیسے نعرے لگاتے رہے اور درود شریف کا ورد کرتے رہے۔

(جاری ہے)

جلوس میں بچوں ، بوڑھوں اور نوجوان میں کثیر تعداد میں شرکت کی۔

جلوس گھنٹہ گھر پہنچا تو صدارتی خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حضور نبی کریم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا گیا ہے۔ حضرت محمد مصطفی کی ذات باعث تخلیق کائنات ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں سیرت طیبہ مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ حب رسول دین حق کی شرط اوّل ہے۔حضور نبی کریم کے ساتھ اپنی جان، اولاد اور مال سے زیادہ محبت کئے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔

امت مسلمہ کی فلاح کا انحصار اسوہ رسول کو اپنانے میں ہے۔ پیغمبر اسلام کا اسوہ حسنہ زندگی سنوارنے کا بے مثال نمونہ ہے۔ خود کو اسوہ رسول کے تابع کرنا حب رسول کا لازمی تقاضا ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عید میلاد النبی کے جلوس کیلئے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں جس پر ضلعی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ اس موقع پر سنی یوتھ کے مرکزی صدر صاحبزادہ حسن رضا، تنظیم المساجد اہلسنّت پاکستان کے نگران اور جامعہ رضویہ کے مہتمم بیرسٹرصاحبزادہ حسین رضا، ملک بخش الٰہی، قاری محمد امین رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جلوس کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئیںکی گئیں اور درود و سلام پڑھا گیا۔

متعلقہ عنوان :