آسٹریلیاکیخلاف سیریز میں اصل مقابلہ بائولرز کے درمیان ہوگا، مصباح الحق

آسٹریلوی ٹیم میں کم تجربہ کار کھلاڑی ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرینگے ‘ آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمزوریاں جاننے کیلئے کافی محنت کی‘تمام بلے بازوں کو رنز بنانا ہوں گے ،بابر اعظم کو انکی صلاحیتوں کی وجہ سے ڈراپ نہیں کرسکتے،مصباح الحق کا انٹرویو

منگل 13 دسمبر 2016 22:13

برسبین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ دورہ آسٹریلیا مشکل ترین چیلنج ہے اور دونوں ممالک کے بالرز کے درمیان اصل مقابلہ ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا ایک مشکل چیلنج ہے لیکن ہم نے پوری تیاری کررکھی ہے، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کو بھلا کرمیدان میں اتریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم میں کم تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں ہم اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ہم نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمزوریاں جاننے کے لئے کافی محنت کررکھی ہے جب کہ مقابلے کے لئے کنڈیشنز سے بھی ہم آہنگ ہوچکے ہیں، ٹیم کا مڈل آرڈر شدید مشکلات سے دوچار ہے تاہم مجھ سمیت یونس خان، اسد شفیق اور سرفراز کو رنز بنانے ہوں گے بابر اعظم کو ان کی صلاحیتوں کی وجہ سے ڈراپ نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیاں ہونے والی سیریز میں اصل مقابلہ بالرز کے درمیان ہوگا، برسبین میں ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں پاکستانی مایہ ناز اسپنر یاسر شاہ کا کردار اہم ہوگا جب کہ پاکستانی بلے بازوں کو مچل اسٹارک اور ہیزل ووڈ سے خبردار رہنا ہو گا۔ آسٹریلیا کی پچز میں یواے ای سے ذیادہ بائونس ہے ، سیریز جیتنے کے لیے یونس خان ، اسد شفیق اور سرفراز احمد کو رنز بنانے ہونگے ، مصباح الحق نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بھی کیویز کے خلاف سیریز میں غلط سٹروکس کھیلے ۔

برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیسر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر اور سٹیو سمتھ خطرناک بلے باز ہیں ، وہ بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کے لیے تیار ہیں ، کینگرو بلے بازوں کو بائونسر ماریں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے برسبین مین کھیلا جائے گا تاریخ کا چوتھا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع گا۔

متعلقہ عنوان :