امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا،فرنیچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ سرمایہ کار کمپنیوں اور کاروباری شراکت داروں کو خصوصی مراعات بھی دیں گے

اٹلی کے تجارتی وفد کا پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام گول میز مذاکرے کے دوران اظہار خیال

منگل 13 دسمبر 2016 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) اٹلی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔فرنیچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کار کمپنیوں اور کاروباری شراکت داروں کو خصوصی مراعات بھی دیں گے۔ منگل کو یہ بات پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اٹلی کے نائب وزیر ایوان سکالفروڈ کی سربراہی میں 37 تاجروں کے وفد نے پاکستان فرنیچر کونسل کے زیر اہتمام ایک گول میز مذاکرے کے دوران کہی ۔

مذاکرے کے دوران دونوں ملکوں میں فرنیچر کے نئے رجحانات کا جائزہ لیا گیا۔ایوان سکالفروٹو نے کہا کہ پاکستان کے دورے کا مقصد مختلف شعبوں میں شراکت داری کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان کے ملک نے ہمیشہ پاکستانی مارکیٹ میں دلچسپی ظاہر کی یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے 10 بڑے تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ اٹلی کی کمپنیاں پاکستانی ہنرمندوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی اور دیہی ترقی اور صحت کے شعبے میں ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ فرنیچر کا معیار بہتر بنانے کیلئے مشینری کے استعمال کی تربیت بھی فراہم کریں گی۔اس کے علاوہ پیداواری اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اٹلی کی فرمیں کسی بھی صورت پاکستان میں کام کیلئے تیار ہیں۔

ہم دونوں ملکوں کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اپنے وسائل سیمیناروں ، تربیتی کورسز اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر خرچ کرسکتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں اشفاق نے وفد کو پاکستان میں فرنیچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔فریقین نے اس شعبے کی ترقی کیلئے باہمی دوروں ،شعبے کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال بارے مشاورتی اجلاس مستقبل میں بھی جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کی۔

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ان کا ادارہ اٹلی کے ماہرین کو پاکستانی فرنیچر کے بارے آگاہی کیلئے رابطے کا کردار ادا کرے گا اس سے پاکستانی تاجروں کو بھی اٹلی کے سرمایہ کاروں کے ساتھ براہ راست روابط کے مواقع میسر ہوسکیں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارت کا حجم 1.1 ارب ڈالر ہے جسے ہم بڑھا کر 1.5 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے کوشاں ہیں۔