فیصل آباد چیمبر کے غیر ملکی دوروں کا مقصد عالمی سطح پر پاکستانی برآمدات کو بڑھانا اور غیرملکی منڈیوں میں شہر کو عالمی برآمدی شہر کی حیثیت سے متعارف کرانا ہے، محمد سعید شیخ

منگل 13 دسمبر 2016 21:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے غیر ملکی دوروں کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی برآمدات کو بڑھانا اور غیرملکی منڈیوں میں فیصل آباد کو ایک بین الاقوامی برآمدی شہر کی حیثیت سے متعارف کرانا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے 27 رکنی وفد کے ہمراہ امریکہ روانگی سے قبل ایک الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے تجارت ایک مقدس فریضہ ہے اور اس غیر ملکی تجارتی دورے پر روانگی کے ذریعے دراصل ہم نبی برحق حضرت محمد ﷺ کی اتباع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسوہ حسنہ کے دیگر پہلوؤں پر بھی پوری طرح عمل کرنا چاہیئے تا کہ نہ صرف اللہ تعالیٰ ہماری تجارت میں برآمدات میں برکت ڈالے بلکہ اس کے ذریعے پاکستان اور فیصل آباد کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کے مطابق سفر ایک دوسرے کو پہچاننے کا بھی ذریعہ ہے۔ اس دوران ہمیں صبر و تحمل اور بردباری سے کام لینا چاہیئے۔ انہوں نے وفد میں شریک نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو وفد کا لیڈر سمجھیں کیونکہ انہوں نے ہی وفد کے دیگر ساتھیوں کیلئے سفر اور ہوٹل کی بکنگ سمیت دیگر معاملات کو نمٹایا ہے۔ اس دوران انہیں دنیا کے عالمی رجحانات سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔

بہرحال ہماری کوشش ہوگی کہ یہ دورے کو یاد گار اور حقیقی معنوں میں با مقصد بھی بنایا جائے۔ سینئر نائب صدر رانا سکندر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی یہ روایت رہی ہے کہ ہم غیر ملکی تجارتی وفود کو انتہائی گرمجوشی سے الوداع کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں جانے والے پاکستانی وطن عزیز کے سفیر ہوتے ہی ہیں لیکن امریکہ جانے والا تجارتی وفد اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ امریکہ میں نو منتخب صدر ٹرمپ آرہے ہیں۔

اس دوران اپنے کاروباری اور تجارتی معاملات کے ساتھ ساتھ وفد کے شرکاء کو نئے امریکی صدر کی پالیسیوں کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے حوالہ سے آپ لوگوں پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ اپنے بہتر رویے سے ٹرمپ کو امریکی پالیسیوں کو پاکستان کے حق میں بنانے پر مجبور کر دیں۔ نائب صدر انجینئر احمد حسن نے کہا کہ غیر ملکی دوروں سے خاص طور پر نوجوانوں کی سوچ اور ویژن براڈ ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کی خوش قسمتی ہے کہ آپ ایک ایسے آئیڈیل ملک میں جا رہے ہیں جو ٹیکنالوجی میں باقی دنیا سے بہت آگے ہے۔

اس سے نوجوانوں کو بھی نئی منزلوں کو سر کرنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے غیر ملکی دوروں کا بہترین انتظام کرنے پر چیمبر کے سیکرٹریٹ کی کوششوں کو بھی سراہا۔ سابق صدر چوہدری محمد نواز نے بھی امریکہ جانے والے وفد کو مبارکباد دی اور کہا کہ غالباًیہ امریکہ جانے والا فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سب سے بڑا وفد ہے لہٰذا اس کو اپنے طے شدہ پروگراموں پر عملدرآمد کیلئے وقت کا ضرور خیال رکھنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پہلے غیر ملکی دوروں سے اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ بہت بڑا وفد ہے۔ اس سے نتائج بھی بڑے ملنے چاہیئں۔ سیکرٹریٹ کی طرف سے سیکرٹری جنرل عابد مسعود نے وفد کے شرکاء کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ نہ صرف اپنے بلکہ وطن عزیز کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کی ان کوششوں کو قبل کرے اور ان میں برکت ڈالے۔ تقریب سے دیگر ممبران نے بھی خاب کیا جبکہ وفد کے شرکاء نے مختصراً اپنا اپنا تعارف بھی کرایا۔ آخر میں بزرگ رکن حاجی طالب حسین رانا نے اس وفد کی کامیابی کیلئے انتہائی خصوع و خشوع سے دعا کرائی۔