کوہاٹ ، نان رجسٹرڈ اور کالے شیشوں کی حامل گاڑیوں کے خلاف جاری آپریشن

مزید 365موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء)کوہاٹ میں نان رجسٹرڈ اور کالے شیشوں کی حامل گاڑیوں کے خلاف جاری آپریشن میں مزید 365موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔آپریشن میں کالے شیشوں والی 14گاڑیوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال یقینی بنانے اور کسی بھی ممکنہ خطرات کے پیش نظر مختلف شاہراہوں پرچلنے والی نان رجسٹرڈوبغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں خصوصاً موٹر سائیکلوںاور کالے شیشوں والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کے خلاف فوری کاروائی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

ڈی پی او کی ان احکامات کی روشنی میں ضلع بھر کے مختلف تھانوںاور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کرتے ہوئے آپریشن کے تیسرے روز مجموعی طور پر 365موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور رجسٹریشن و نمبر پلیٹ نہ رکھنے کی پاداش میں ان موٹر سائیکل سواروں کو چالان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے تحویل میں لئے گئے بغیر نمبر پلیٹ و رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کے مالکان پر مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے سے زیادہ جرمانہ عائد کرتے ہوئے سرکاری خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔

آپریشن کے دوران پولیس نے کالے شیشوں والی چودہ گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیکر چالان کردیا ہے۔ڈی پی او جاوید اقبال نے اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کے سد باب کیلئے پولیس کیساتھ تعاون یقینی بنائیں۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ قانون کی حکمرانی کو ہر حال میں قائم رکھتے ہوئے کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون شکن عناصر کو بھر پور قوت کیساتھ کچلا جائے گا۔