حکومت نے صوبے میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،صوبائی وزیر محمود خان

منگل 13 دسمبر 2016 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیںکیونکہ جدید دور میں اعلیٰ اور بامقصد تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی اور خوشحالی ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول لابٹ مٹہ سوات میں یوم والدین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں اساتذہ کرام، ضلعی کونسلرز، والدین ،عمائدین علاقہ اور طلباء بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل نادر خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکول کیلئے ایک امتحانی ہال اور طلباء کے کھیل کود کیلئے پلے گرائونڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

سکول کے بچوں نے مختلف خاکے پیش کئے جسے ناظرین نے بہت سراہا۔صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ صوبے کا 28فیصد بجٹ شعبہ تعلیم پر خرچ کیا جا رہا ہے جس سے غریب اور امیر کے مابین فرق مٹ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ماضی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاحی تقاریب وی آئی پی ہائوس میں کرنے والے آج کھلے میدانوں میں جلسے منعقد کر رہے ہیں۔ شعبہ تعلیم میں پہلی مرتبہ جزا اور سز ا کا نظام متعارف کرایا گیا ہے اور پہلے سال ہی ہزاروں اساتذہ کے خلاف کاروائی کی گئی جبکہ ٹھیک کا م کرنے والوں کو انعا مات سے نوازا جا رہا ہے۔

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ملک سے لاقانونیت کے خاتمے کے لئے عمران خان اکیلے میدان میں کھڑے ہیں اور ملک کے اعلیٰ ادارے کے ذریعے سے وزیر اعظم کی تلاشی لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 84-مٹہ سوات میں 77کروڑ روپے کی لاگت سے پرائمری سے لے کر ہائی تک سرکاری سکولوں بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔خطبہ استقبالیہ میں پیش کئے گئے کا ذکرکرتے ہوئے سکول ہذا کیلئے امتحانی ہال منظور کرنے کا اعلان کیا اور پلے گرائونڈ کیلئے مفت اراضی فراہمی کی صورت میں محکمہ سپورٹس گرائونڈ تعمیر کرے گا۔ قبل ازیں وزیر کھیل نے نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کر نے والے طلباء کیلئے 2لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :