Live Updates

پنجاب حکومت نے ناکام سکیموں کے ریکارڈ توڑدیئے،فرخ جاوید مون

پیلی ٹیکسی،سستی روٹی،دانش سکول،آشیانہ سکیم اورسستے بازارجیسی سکیمیں فلاپ ہوچکی ہیں، ْ480 ارب کے سرپلس صوبے کوناکام سکیمیوں نے 636 ارب سے زائد کا مقروض بنا دیا،پی ٹی آئی رہنماء

منگل 13 دسمبر 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) تحریک انصاف لاہورکے سابق سیکریٹری اطلاعات فرخ جاوید مون نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ناکام اورفراڈ منصوبے دینے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سستی روٹی، مکینیکل تنور، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم، دانش سکول، گرین ٹریکٹر سکیم کی طرح اورنج لائن منصوبہ بھی ناکام منصوبوں کی فہرست میں جلد شامل ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ جاوید مون نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سستی روٹی منصوبے پر 24 ارب خرچ کیے جو کرپشن اورنااہلی کی نظر ہوئے ان 24 ارب میں سے 14 ارب روپے کمرشل بینکوں سے لیے گئے جن پرپروگرام بند ہونے کے باوجود سود ادا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے جعلی ترقیاتی منصوبے قومی خزانے کو تباہ کررہے ہیں،صوبہ پنجاب کنگال ہوگیا، 480 ارب کے سرپلس صوبے کو خادم اعلیٰ کی ناکام سکیمیوں نے 636 ارب سے زائد کا مقروض بنا دیا ہے، لیپ ٹاپ سکیم بھی ناکام ثابت ہوئی جسے کمیشن کی خاطر جاری رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ نے غربت،بے روزگاری، کرپشن،ناانصافی،کمیشن اورفلاپ سکیمیوں کے تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقتدارمیں آکرصوبہ پنجاب کی تمام ناکام سکیمیوں کا آڈٹ کرائے گی اورلندن میں غریب قوم کے پیسوں سے آف شورکمپنیاں بنانے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات