کراچی، ایس آئی یو ٹی کی نئی 14منزلہ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح بروز بدھ کیا جائے گا

منگل 13 دسمبر 2016 21:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) ایس آئی یو ٹی کی نئی 14منزلہ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح بروز بدھ کیا جائے گا، یہ سینٹر چار سال کی مدت میں ڈھائی لاکھ مربع فٹ کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے اس پر ڈیڑھ بلین روپے لاگت آئی ہے۔یہ سینٹر دراصل مستقبل میں ٹرانسپلانٹ سائنسز کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے بنایا گیا ہے،یہ ملک میں اپنی نوعیت کا ایک سینٹر ہوگا جہاں جگر، آنتوں، پنکریاز، بون میرو اور قرنیہ کی پیوندکاری کی جا سکے گی۔

ایس آئی یو ٹی ملک کا ایک مایہ ناز ادارہ کے طور پر جانا جاتا ہے جہاں گردے ناکارہ ہونے والے پانچ ہزار سے زائد افراد کو اپنے ہی خاندان کے فرد کے اعضاء ٹرانسپلانٹ کرائے جا چکے ہیںنیز ٹرانسپلانٹ کے بعد ادویات کی فراہمی اور اس کے علاوہ عطیہ کرنے والوں کو ’’فالو اپ ‘‘کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سینٹر میں100بستروں کی گنجائش ہے، جس میں موجود سہولیات میں ٹرانسپلانٹ و اردز، آئی سی یو، پری ٹرانسپلانٹ یونٹ ڈونر وارڈ، او پی ڈی، ریڈیالوجی، جدید طرز کا آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، اورمرکز بحالی شامل ہیں، جس کی بدولت یہاں تمام اقسام کے ٹرانسپلانٹ ایک ہی جگہ کئے جا سکیں گے۔

ایس آئی یوٹی ٹرانسپلانٹ سینٹر کے قیام میں سلیمان دائود کے خاندان کی طرف سے یہ خطیر رقم عطیہ کی گئی جس کی بدولت یہ منصوبہ تکمیل کو پہنچا، اس کے علاوہ یہ خاندا ن اس سے قبل کینسر کے علاج کے لئے ایک سینٹر بنانے میں مالی تعاون کرنے کے ساتھ ساتھ 100ڈائلیسز مشینیں بھی عطیہ کر چکا ہے۔ٹرانسپلانٹ سینٹر کا اصل مقصد ملک میں ٹرانسپلانٹ کی سرگرمیوں میں اضافہ اور SIUTمیںطب کی مجموعی سرگرمیوںکو ایک نئی جہت دینا ہے جہاں مریضوں کا مفت علاج عزت نفس کے ساتھ کیا جاتا ہے۔اس سینٹر کی افتتاحی تقریب میں ٹرانسپلانٹ سائنسز کے ممتاز شخصیات شرکت کر یں گی، توقع ہے کہ اس سینٹر سے ملک میں طبی سہولیات میں گراں قدر اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :