حضرو میں قائم ڈاکو راج ، عوام کی نیندیں اڑا دیں، 4دنوں میں 5دکانوں کے تالے توڑ کر لوٹ لیا گیا

منگل 13 دسمبر 2016 21:31

اٹک چھچھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء)حضرو میں قائم ڈاکو راج نے عوام کی نیندیں اڑا دیں، 4دنوں میں 5دکانوں کے تالے توڑ کر لوٹ لیا گیا، رات کے وقت ڈکیتی میں 2 جبکہ سر شام ڈکیتی کے واردات میں دکاندار زخمی، صرافہ بازار میں کال سننے والے شخص سے موبائل فون چھین لیا گیا علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک سے تھانہ حضرو میں فرض شناس اور کرائم فائٹر انسپکٹر تعینات کرنے کا مطالبہ، عوامی ، سیاسی ، سماجی حلقوں نے چوری ڈکیتی کی وارداتوں اور نقص امن کے خلاف احتجاجی مظاہرے کااعلان کر دیا، تفصیلات کے مطابق رحموں میں سابق کونسلر محمد صفدر کے بھائی حاجی انور ( برتن شاپ والی) کے گھر رات 5مسلح افراد دروازہ توڑ کر گھس گئے تاہم گھر والوں کے جاگ جانے کے بعد اور حاجی انور کے بیٹے سجاد کے ساتھ مزاحمت پر نقاب پوش ڈاکوؤں نے پسٹل سے فائر کھول دئیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا بعد ازاں ڈاکوؤں نے فرار ہوتے وقت حاجی انور کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کر دیا دوسری واردات پیر کی شام پیرداد پل کے پاس ریتلہ منڈی روڈ پر پیش آئی جس میں 2مسلح نقاب پوش حق نواز خان کریانہ شاپ میں گھس گئے اور نقدی نہ دینے پر اسے گولیاں مار کر موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے ، یاد رہے کہ پچھلے چار دنوں سے مسلسل دکانوں کے تالے توڑ کر لوٹ مار جاری ہے ، ڈی ایس پی حضرو سرکل کے دفتر کے سامنے سے 2دکانوں کے تالے توڑے گئے جبکہ ایک موبائل فون دکان کو لوٹ لیا گیا، دو روز قبل صرافہ بازار حضرو سے بھی نامعلوم افراد کال سننے والے شخص سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ، ان وارداتوں کے خلاف عوام علاقہ میں سخت اضطراب اور خوف و ہراس پایا جاتا ہے ، عوامی ، سیاسی اور سماجی حلقوں نے آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک سے تھانہ حضرو میں فرض شناس اور کرائم فائٹر انسپکٹر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے دریں اثناء ان وارداتوں پر پولیس کے خلاف احتجاج کی کال بھی دی گئی ہے۔