اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں میں کمرشل پلاٹوں کی دو روزہ نیلامی،پہلے روز 8کمرشل پلاٹ 3 ارب75 کروڑ روپے میں نیلام

منگل 13 دسمبر 2016 21:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) سی ڈی اے کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کے مختلف ڈیویلپڈ سیکٹروں میں کمرشل پلاٹوں کی دو روزہ نیلامی کے پہلے روزمنگل کو جناح کنونشن سینٹر میں 08کمرشل پلاٹ کامیابی کے ساتھ نیلام کئے گئے جن کی مالیت 3.75 بلین روپے ہے۔ کمرشل پلاٹوں کی یہ نیلامی( آج) بدھ کوبھی جاری رہے گی جس میں باقی ماندہ کمرشل پلاٹ نیلام کئے جائیں گے۔

پہلے روز اسلا م آباد کے سیکٹر G-11 ، D-12 ، آئی 12- ، آئی 8- اور ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع کمرشل پلاٹ نیلام کئے گئے۔ نیلامی کے پہلے روز لوگوں کی بڑی تعداد نے بھر پور جوش و خروش کے ساتھ نیلامی میں حصہ لیا اور بولی دے کر اپنی پسند کے پلاٹ حاصل کئے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایات پر اسلام آباد میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے موثر پالیسی کے باعث اس نیلامی میں کاروباری افراد کی بھر پور شرکت سے پہلے روز 3 ارب75 کروڑ روپے کے پلاٹ نیلام ہوئے۔

(جاری ہے)

نیلامی کی نگرانی میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی طرف سے بنائی جانے والی ایک 9 رکنی کمیٹی کر رہی ہے جس کی سربراہی سی ڈی اے کے ممبرفنانس ڈاکٹر فہدعزیز کر رہے ہیں اور باقی ممبران میں ممبر پلاننگ، ڈپٹی ڈی جی (فنانس)، ڈپٹی ڈی جی (ایل اینڈ ای)، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لاء، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ، ڈائریکٹر اربن پلاننگ، ڈائریکٹر ریجنل پلاننگ اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹII- ، شامل ہیں ۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے پہلے روز کامیاب نیلامی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیلامی کو شفاف بنانے کے علاوہ سرمایہ کاروں کے لیے موجودہ انتظامیہ ایسی پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا کھویا ہوا اعتماد بحال ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کی طرف سے شفاف پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار دوسری پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹیوں کی بجائے سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں میں بھر پور دلچسپی لے رہے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ ہم ایسی سرمایہ کار دوست پالیسیاں بنائیں جس سے اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو سکے۔

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے مزید کہا کہ نیلامی سے وصول ہونے والی آمدنی کو اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں کی ترقی پر خرچ کیا جائے گابالخصوص اسلام آباد کے گرین کریکٹر کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن نیلامی میں پیش کیے جانے والے پلاٹوں کی خاطر خواہ بولی سرمایہ کاروں کی طرف سے سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی پالیسیوں پر اعتما د کا اظہار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیلامی سے ہونے والی آمدنی کو ترقیاتی سرگرمیوں پر خرچ کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ نیلام کئے جانے والے پلاٹوں کی سفارشات آکشن کمیٹی سی ڈی اے بورڈ کو پیش کرے گی جس کی حتمی منظوری سی ڈی اے بورڈ دے گا۔