پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ انہیں فوری انصاف ملے جب کہ حکومت کا یہ فرض کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے‘رفیق رجوانہ

ہماری تمام تر پبلک پالیسیوں کا محور صرف اور صرف عوام ہونی چاہیے اہم ملکی و قومی معاملات میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے‘گورنر پنجاب

منگل 13 دسمبر 2016 21:29

پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ انہیں فوری انصاف ملے جب کہ حکومت کا یہ فرض ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کا یہ حق ہے کہ انہیں فوری انصاف ملے جب کہ حکومت کا یہ فرض کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے ،یہی جمہوریت کابنیادی فلسفہ اور مفہوم ہے، ہماری تمام تر پبلک پالیسیوں کا محور صرف اور صرف عوام ہونی چاہیے جبکہ اہم ملکی و قومی معاملات میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نی105 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے اعلیٰ افسران کے 65رکنی وفد سے گورنر ہائوس لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سول سرونٹس ریاست میں ایک مضبوط اور فعال ستون کا کردار ادا کرتے ہیں جو کوئی بھی عوامی پالیسی بنانے سے لے کر اس پر موثر عملدرآمد اور اس کی کامیابی کے ضامن ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گڈگورننس درحقیقت ملک کے موجود وسائل کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اسے غربت ، بے روزگاری اور عدم مساوات کے خاتمے کے لیے کیا جا ئے کیونکہ گڈگورننس ہی ملک میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ پاکستان میں آگے بڑھنے اور ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہونے کی تمام تر صلاحیتیں بدرجہ اُتم موجود ہیں اور ملک کے بیس کروڑ عوام اعلیٰ صلاحیتو ں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ عوام کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے طویل المیعاد حکمت عملی پر کام کیا جائے اور ان کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں ۔

گورنر پنجاب نے توقع ظاہر کی کہ کورس مکمل کرنے والے اعلی سول افسران فیلڈ میں جا کر اپنی ذمہ داریاں اور فرائض پہلے سے زیادہ اور بہتر طریقے سے ادا کرسکیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے گڈگورننس ناگزیر ہے اور بیوروکریسی کو روایتی افسر شاہی کے نظام کو ختم کر کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے صحیح معنوں میں ان کے خادم کے طو ر پر کردار ادا کرنا ہے۔

انہو ںنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں سٹیٹس کو کے خاتمے کے لیے عوام کو بااختیار کرنا ہو گا جس کے لیے روایتی طرز حکومت کو تبدیل کرنا اور بیوروکریسی کو جدید خطوط پر استوار رکرنا ہوگا ۔ اس موقع پر نیشنل مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے افسران نے قومی اور انتظامی معاملات کے حوالے سے گورنر پنجاب سے مختلف سولات بھی کیے جن کا گورنر پنجاب نے فرداًً فرداًً جواب دیا۔قبل ازیں ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی عارفہ صبوحی نے نیشنل مینجمنٹ کورس کے مقاصد کے اہم خدوخال کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :