Live Updates

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید کا پا نا مہ لیکس سے متعلق عوامی رابطہ مہم کا آغاز،لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ

تحریک انصاف 20کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی کیلئے گھر چلانا مشکل ہو گیا ، پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لئے نوکری تلاش کر رہے ہیں ،کسان کو اس کی فصل کی پوری قیمت نہیں مل رہی ،کسان احتجاج کرے تو ان پر مقدمات درج کر لئے جاتے ہیں، نا بینا افراد اپنا حق مانگے تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں،حکمرانوں کی نکمی اولادیں اربوں روپے کے مالک ہیں، تحریک انصاف نے تمام شواہد سپریم کورٹ کو پیش کر دیے ہیں، اب فیصلہ عدالت نے کرنا ہے،پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی عام شہریوں سے گفتگو

منگل 13 دسمبر 2016 21:27

ْلاہورر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے پا نا مہ لیکس سے متعلق عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا، اس سلسلے میں گزشتہ روز انہوں نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو پا نا مہ لیکس اور سپریم کورٹ میں دائر کیس سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ تحریک انصاف لاہور اربن کے صدر ولید اقبال بھی تھے۔

علامہ اقبال ٹائون، پکی ٹھٹھی ، وحدت روڈ، جوہر ٹائون میںعام شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالر شید نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان20کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، انکا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں ایک عام آدمی کیلئے گھر چلانا مشکل ہو گیا ہے، دو وقت کی روٹی غریب کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے، پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لئے نوکری تلاش کر رہے ہیں اور جو نوکریوں پر ہیں وہ چاہے ڈاکٹر ہوں یا کلرک وہ سب اپنے جائز حقوق کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، کسان کو اس کی فصل کی پوری قیمت نہیں مل رہی وہ احتجاج کرے تو ان پر مقدمات درج کر لئے جاتے ہیں، نا بینا افراد اپنا حق مانگے تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں اور دوسری جانب حکمرانوں کی نکمی اولادیں اربوں روپے کے مالک ہیں، قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے آف شور کمپنیاں بنائی جا رہی ہیں اور جواب مانگے توکہتے ہیں جمہوریت کیخلاف سازش کی جا رہی ہے، میاں محمود الر شید نے کہا کہ پا نا مہ کیس سپریم کورٹ میں ہے اور تحریک انصاف نے تمام شواہد سپریم کورٹ کو پیش کر دیے ہیں، اب فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

، انکا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا ایوان میں تو نہیں آتے البتہ پا نا مہ کی ہر پیشی پر سپریم کورٹ میں آتے ہیں، عدالت میں کہتے ہیں آج سے چالیس سال پہلے بنک کی بجائے پرچی پر کاروبار ہوتا تھا ، کہاں سے لائیں اتنا پرانا ریکارڈ اور احاطہ عدالت میں کہتے ہیں ثبوت پیش کر دیئے، عدالت سے کلین چٹ لیں گے۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ قوم اب ان جعلی شیروں اور کرپٹ حکمرانوں کے اصل چہرے دیکھ چکی ہے، آئندہ انتخابات میں ان کو سوائے مایوسی کچھ حاصل نہیں ہوگا اور تحریک انصاف پنجاب سمیت ملک بھر میں اکثریت حاصل کرے گی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ یونین کونسل میں وارڈ کی سطح پر تنظیمی ڈھانچہ کھڑا کیا جا رہا ہے، جس کے لئے عوام سے رابطہ بڑھا دیا گیا ہے، انکا کہنا تھا کہ پانا مہ کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات