اسٹیل ملز کے ملازمین پر ہونے والے تشدد اور لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،عارف علوی

حکمرانوں کا کام ہے کہ وہ مزدوروں کے مسائل کو حل کریں نا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جائے، رہنماء پی ٹی آئی سندھ

منگل 13 دسمبر 2016 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز اسٹیل ملز کے مزدوروں کے احتجاج پر لاٹھی چارج اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کا کام ہے کہ وہ مزدوروں کے مسائل کو حل کریں نا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جائے۔ احتجاج کرنا اسٹیل ملز کے مزدوروں کا جمہوری حق ہے ۔

اسٹیل ملز حکمرانوں نے کرپشن ،لوٹ ماراور اقربا پروری کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچا دی ہے۔ اسٹیل ملز کی تباہی کے ذمہ دار حکمران ٹولہ ہے ۔ گزشتہ ساڑھے چار مہینے سے اسٹیل ملز کے مزدوروں کو تنخواہ نہیں دی جا رہی۔ غریب مزدوروں کے گھر کے چولہے بجھ گئے اور دو وقت کی روٹی کے لئے وہ دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے پبلک اکائونٹ کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن مگرمچوں کا نام نیب ریفرنس میں ہونا چاہئے تھا وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ جو کہ حکمرانوں کے لئے شرم کا مقام ہے۔ تجربہ کار حکمرانی کے دعویدار حکمرانوں نے تمام قومی اداروں کو مفلوج کر دیا ہے ۔ہر ادارے میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور مزدور طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر خزانہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اسٹیل ملز کے غریب مزدوروں کی تنخواہ جلد از جلد جاری کی جائیں ۔تاکہ انہیں اور ان کے بچوں کو دو وقت کی روٹی میسر ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :