یو ایچ ایس کے تحت پی ایچ ڈی کیلئے انٹری ٹیسٹ کیخلاف درخواست ، عدالت کا جواب جمع نہ کروانے پر اظہار برہمی ، یو ایچ ایس کو دوبارہ نوٹس

منگل 13 دسمبر 2016 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت پی ایچ ڈی کے لئے انٹری ٹیسٹ کے خلاف دائر درخواست پر یو ایچ ایس کی کی طرف سے جواب جمع نہ کرانے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار ڈاکٹر عبدالمنان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انٹری ٹیسٹ کے لئے بارہ میں سے 5 مضامین خلاف قانون رکھے گئے ہیں،قانون یو ایچ ایس کو ان مضامین کا انٹری ٹیسٹ لینے کی اجازت نہیں دیتا،رولز برعکس انٹری ٹیسٹ کا مقصد منظور نظر افراد کو نوازنا ہے ۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو پی ایچ ڈی کا انٹری ٹیسٹ لینے سے روکنے کا حکم دے ۔فاضل عدالت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی طرف سے جواب جمع نہ کرانے پر سخت اظہار برہمی کیا اور یو ایچ ایس کو نوٹس جاری کرتے ہوے جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔