تعلیمی بورڈز کی ویب سائٹ پر وزیر اعلیٰ اور وزیر ہائیر ایجو کیشن کے نام شکایت کا خصوصی پورشن بنانے کا فیصلہ

منگل 13 دسمبر 2016 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے نو تعلیمی بورڈز کی ویب سائٹ پر وزیر اعلیٰ اور وزیر ہائیر ایجو کیشن کے نام شکایت کا خصوصی پورشن فوری طور پر بنایا جائے ، اس اقدام کا مقصد مختلف تعلیمی بورڈز میں طالبعلموں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کو یقینی بنانا ہے ۔

یہ بات اُنہوں نے لاہور بورڈ کے کمیٹی روم میںصوبے کے نو تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر تعلیمی بورڈز کے مختلف تنظیمی معاملات ، پالیسیوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا ۔ صوبائی وزیر رضا گیلانی نے ہدایت کی کہ تعلیمی بورڈز الحاق کے خواہش مند تعلیمی اداروں کی بیان کردہ سہولیات کی فزیکل انسپکشن کریں اوران سہولتوں کی پڑتال کا منظم میکنزم قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے بورڈز چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ادارے کے حوالے سے اقدامات کا منظم روڈ میپ اگلے اجلاس میں پیش کریں اور بتائیں کہ بورڈ کی تعلیمی ، مالیاتی وانتظامی بہتری کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں اور مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے کیا روڈ میپ متعین ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ تعلیمی بورڈز میں خالی اسامیوں کے بارے میں بھی اُنہیں مطلع کیا جائے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب ایگزامینشن کمیشن اور بورڈ کے زیر انتظام میٹرک کے امتحانات کے شیڈول میں گیپ رکھا جائے تاکہ سٹاف اور امتحانی مراکز کے حصول میں مشکل نہ پیش آئے ۔اُنہوں نے واضح کیا کہ کسی کی ملازمت میں توسیع نہیں کی جائے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز اپنی کارکردگی کو مثالی بنائیں تاکہ وزیر اعلیٰ کے تعلیمی وژن کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ چیئرمین اگلے اجلاس میں گاڑیوں کی ڈیمانڈ سے صوبائی وزیر کو آگاہ کریں گے ۔ دریں اثناء صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے 12 ربیع الاوّل کو حجرہ شاہ مقیم میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں شرکت کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اسلام مکمل ضابط حیات ہے ۔ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا اور آخرت میں نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :