صوبائی وزیر مذہبی امورواقاف سید ذعیم حسین قادری کی سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے ملاقات

اسلام ہمیں امن اور رواداری کا درس دیتا ہے، ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کا متحد ہو کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے‘ پروفیسر ساجد میر

منگل 13 دسمبر 2016 20:42

ؒلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر مذہبی امورواقاف سید ذعیم حسین قادری کی مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے سے ملاقات۔مذہبی ہم آہنگی کے حوالے صوبائی حکومت کے مجوزہ ضابطہ اخلاق پر تبادلہ خیال۔تفصیل کے مطابق منگل روز صوبائی وزیر مذہبی امور واوقاف سید ذعیم حسین قادری نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے دفاتر کا دورہ کیا اور پروفیسر ساجد میر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مجوزہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروفیسر ساجد میر نے ذعیم قادری کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ۔ اس موقع پرمرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کی طرف سے ذعیم قادری کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس میں متحدہ علما ء بورڈ کے چیئرمین مولانا فضل الرحیم اشرفی،ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سیکرٹری اوقاف رانا نوازش علی، وزیر اعلی پنجاب کے کوارڈی نیٹر مذہبی امور ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مفتی انتخاب احمد، حاجی عبدالرزاق، مولانا عبدالستار حامد، میاں محمود عباس،مولانا محمد نعیم بٹ ،حافظ یونس آزاد،حاجی نذیر انصاری، رانا نصراللہ خاں سمیت دیگر علماء نے شرکت کی ۔

اس موقع پر پروفیسر ساجد میر اور سید ذعیم قادری نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مسالک کے علماء سے رابطے کیے جائیں گے۔ اسلام ہمیں امن اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کا متحد ہو کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔سید ذعیم حسین قادری نے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی راہنمائی میں ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے گا۔متحدہ علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا فضل الرحیم اشرفی کا کہنا تھاکہ ضابطہ اخلاق کو پنجاب اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا اوراسے باضابطہ قانونی شکل دی جائے گی ۔