پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کا کیس اٹھائے‘حافظ محمد سعید

لبھوشن کے بارے سرتاج عزیز کا بیان سیاسی خیانت ہے ،کلبھوشن را کا ایجنٹ ہے،امریکا،اسرائیل اور انڈیا کے آپس میں معاہدے پاکستان کے خلاف ہیں،بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر دنیا انڈیا کو کیوں نہیں روک رہی جماعةالدعوة کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کر رہی ہے،پاکستان میں کشمیر کے حوالہ سے عوامی سطح پر تحریک کھڑی کریں گے‘امیر جماعة الدعوة

منگل 13 دسمبر 2016 20:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے،پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے سامنے کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کا کیس اٹھائے،مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئی15دسمبر کو مظفر آباد میں کشمیر کانفرنس ہو گی جس میں شرکت کے لئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی گئی ہے،کشمیرکی تحریک کشمیریوں کی اپنی ہے ،بھارت پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرتا ہے،بھارتی دھمکیوں پر پاکستان کی خاموشی افسوسناک ہے،کلبھوشن کے بارے سرتاج عزیز کا بیان سیاسی خیانت ہے ،کلبھوشن را کا ایجنٹ ہے،امریکا،اسرائیل اور انڈیا کے آپس میں معاہدے پاکستان کے خلاف ہیں،بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر دنیا انڈیا کو کیوں نہیں روک رہی جماعةالدعوة کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کر رہی ہے،پاکستان میں کشمیر کے حوالہ سے عوامی سطح پر تحریک کھڑی کریں گے ،پاک فوج اپنا کردار ادا کرے ،قوم کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز قبا اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حاجی جاوید الحسن،مرکزی ترجمان یحییٰ مجاہد بھی موجود تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اسوقت امت مسلمہ بہت مشکل صورتحال سے د وچار ہے۔کشمیر میںانڈیا کی آٹھ لاکھ فوج جارحیت اور بربریت کی انتہا کر رہی ہے۔بھارتی فوج نے کیمیائی ہتھیار استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوان ماجد کی لاش سب کے سامنے ہے ۔

لاش کا کوئی حصہ نظر نہیں آ رہا،پوٹلی میں گوشت کے چند ٹکڑے رکھے گئے ہیں۔کیمیکل کی وجہ سے لاش جو منظر پیش کر رہی ہے وہ دنیا کے لئے ایک تازیانہ ہے۔کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کی دنیا بھر میں کہیں بھی اجازت نہیںلیکن انڈیا استعمال کر رہا ہے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے ،ممالک خاموش ہیں۔حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت پوری دنیا کے سامنے اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی انڈیا کو روکنے والا نہیں اور اگر مظلوم کشمیری پتھر لے کر بھارتی فوج کے مقابلے میں کھڑے ہوتے ہیں تو انہیں دہشت گردکہا جاتا ہے ۔ کشمیر کی تحریک کشمیریوں کی اپنی ہے،انڈیا نے ہمیشہ اس حوالہ سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے،برہان وانی کی شہادت کے بعد جو صورتحال بنی ہے اب ہر انصاف پسند بندہ یہ کہتا ہے کہ یہ کشمیریوں کی ہی تحریک ہے ،ماجد کی شہادت مہر ثبت کر رہی ہے،نوہزار کشمیری بچے گرفتار اور جیلوں میں ہیں،خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا۔

حریت رہنمائوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی بھی گرفتار ہیں جبکہ ان کے شوہر ڈاکٹر قاسم فکتو26سال سے جیل میں ہیں اور میاں بیوی کو فون پر بات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے جماعة الدعوة 15دسمبر جمعرات کو مظفر آباد میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میںانڈیا کی جارحیت دنیا کے سامنے لائیں گے۔

کانفرنس میںسیاسی،دینی و سماجی جماعتوں کو بھی دعوت دی ہے۔ کانفرنس کے ذریعہ کشمیر کے مظلوموں کو حوصلے کا پیغام اورمودی سرکار کو کہیں گے کہ باز آجائو،ہر چیز کی حد ہوتی ہے جب انتہا ختم ہوجائے تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہتے۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیںکہ کشمیریوں کی تحریک کشمیریوں کی رہے اور ہم ان کی مدد کریں،ان کی آواز دنیا کے سامنے اٹھائیں۔

کشمیر کے حوالہ سے ملک بھر میں تحریک برپا کریں گے تا کہ حکومت پر دبائو ڈالا جا سکے۔جلسے،کانفرنسیں اور لانگ مارچ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ نے کٹھوعہ میں کہا کہ پاکستان کے پہلے دو ٹکڑے کئے تھے اب دس ٹکڑے کریں گے۔پہلے مودی نے بھی اسی طرح کی دھمکی دی تھی لیکن انتہائی دکھ کی بات ہے کہ اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔

مودی سرکار سن لے،یہ اکہتر والا پاکستان نہیں ،2016کا پاکستان ہے،کشمیر انڈیا کے پاس نہیں رہے گا اور انڈیا کے اپنے علاقے بھی اس کے ہاتھ میں نہیں رہیں گے۔راجناتھ کوبھی کشمیر کانفرنس میں پیغام دیں گے۔ہم ہراس ہاتھ کو روکنے کی کوشش کریں گے جو مسلمانوں کے قتل کی طرف بڑھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر فائرنگ سے ہزاروں لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں اور سکولوں و دیگر مقامات پر کھلے آسمان تلے سخت سردی میں رہ رہے ہیں۔

جماعة الدعوة نے بھارتی جارحیت کے متاثرین کی امداد کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔خشک راشن،بستر اور خیمے متاثرین میں تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت کو کیسے روکا جائے،کیا لوگ نقل مکانی کرتے رہیں گے۔کشمیر میں اسی طرح خون بہتا رہے گا،ان سوالوں کا جواب دنیا کو دینا ہوگا۔امریکا نے انڈیا کو شہہ دینا شروع کر رکھی ہے،انڈیا جو ظلم کی انتہا کو پہنچ چکا ہے اسے امریکی شہہ اور اسرائیلی مدد حاصل ہے۔

امریکا ،انڈیا اور اسرائیل انڈیا معاہدے پاکستان کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کو امرتسر میں پریس کانفرنس کی اجازت نہیں دی گئی اور انہوں نے واپس آکر کہا کہ بڑی کامیابی حاصل کی ہے اس کی وضاحت وہی کر سکتے ہیں،کلبھوشن کے بارے میں سرتاج عزیز کا بیان یہ بڑا ظلم ہے،کلبھوشن را کا ایجنٹ ہے،اور بلوچستان سے گرفتار ہوا ہے،سرتاج عزیز نے سیاسی خیانت کی،سرتاج عزیز کا سٹیٹس نہیں کہ وہ کلبھوشن کے بارے میں بیان دے بلکہ کلبھوشن کے بارے میں صرف ان کوبات کرنی چاہئے جنہوں نے اس سے تفتیش کی۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ مشرف کے دور میں بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیز فائر لائن پر باڑ لگائی ،اب مودی نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی،کشمیر میں کیمیکل ہتھیاروں کا استعمال یہ سب بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے لیکن کوئی اسے روکنے والا نہیں۔پاکستان کی طرف سے ایڈہاک ازم چل رہا ہے اور انڈیا کی طرف سے مسلسل جارحیت ہو رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے مسائل ہیں،افغانستان میں امریکہ نے پندرہ برس میں جو صورتحال پیدا کر دی وہ سب کے سامنے ہے۔داعش جیسی تنظمیں کھڑی کی گئیں جو پاکستان کے لئے خطرہ ہیں۔بہت دیر تک پاکستا ن نے برداشت کیا اور افغانستان والے بارڈر پر کوئی باڑ نہیں لگائی جس کے نتیجے میں پاکستان میں دھماکے ہوئے ،دہشت گردوں کو انڈیا کی شہہ حاصل تھی اوروہ افغانستان کی زمین استعمال کر رکے پاکستان میں تخریب کاری کرواتے تھے۔

پاکستان بڑے حوصلے کے ساتھ یہاں تک پہنچا ہے،افغانیوںکے ساتھ ہمارا دین کا رشتہ ہے لیکن افسوس اسوقت جنگ امریکا کے ساتھ ہے وہ انڈیا کو پاکستان کے خلاف کھڑا کر چکا ہے۔انڈیا جو مشرقی بارڈر سے نہیں کر سکتا تھا وہ مغربی بارڈر سے کر ررہا ہے،دشمنوں کی وجہ سے پاک افغان تعلقات مجروح ہو رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوئی سیاست نہیں کر رہا ۔

پاکستان کی عوام کو متحد کر کے مسائل کو حل کیا جائے۔پاکستان میں کشمیر کے حوالہ سے عوامی سطح پر تحریک کھڑی کریں گے۔پاکستانی قوم فوج کے ساتھ ہے اور فوج اپنا کردار ادا کرے۔کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت میں کمی پاک فوج کی جانب سے بھر پور جواب دینے کے بعد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ دوسرا مودی ہے جس کے الیکشن جیتنے سے انڈیا سمجھتا ہے کہ اسے گرین سگنل مل گیا ہے اور اسے اب کوئی رکاوٹ نہیں وہ جو مرضی کرے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں مسلمان مر رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔ برما میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔بدھ مذہب کے حکمران مسلمانوں کو مارنا جائز نہیں سمجھتے تھے لیکن آج کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔شام میں حلب کی بھی یہی صورتحال ہے،مسلمانوں کے مسئلہ کو کوئی بھی حل کرنے والا نہیں۔میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وزیادتی کو دنیا کے سامنے رکھے۔بین الاقوامی پروپگنڈے کی وجہ سے مظلوموں کو دہشت گرد قراردے کر دنیا کے میڈیا پر نہ چلیں ،ہم کم از کم یہ تو کہیں کہ یہ مظلوم ہیں اور ان پر ظلم ہو رہا ہے۔