متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کے انتخابات مکمل ،حکیم اللہ فوجی مسلسل چوتھی بار صدر منتخب

منگل 13 دسمبر 2016 20:20

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کے انتخابات مکمل ۔ حکیم اللہ فوجی مسلسل چوتھی بار صدر منتخب ہو گئے جبکہ رحم باچا جنرل سیکرٹری منتخب ۔ سید صالح شاہ باچا فیڈریشن کے چیئر مین ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کے انتخابات کے حوالے سے ٹی ایم ہال چارسدہ میں الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک ظفر خان کی نگرانی میں الیکشن کمیٹی نے متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن کے مرکزی عہدیداروں کا انتخابی عمل مکمل کیا ۔

اس موقع پر مختلف ٹریڈز کے نمائندے ، ضلع کونسل میں اپو زیشن لیڈر قاسم علی خان محمد زئی ، مولانا عبداللہ جان اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ مولانا عبداللہ جان ، قاسم علی خان محمد زئی اور الیکشن کمیٹی کے چیئرمین حاجی ملک ظفر خان نے تاجروں کے اتفاق و اتحاد پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

نتائج کے مطابق حکیم اللہ فوجی مسلسل چوتھی بار فیڈریشن کے مرکزی صدر جبکہ میاں رحم بادشاہ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔

دیگر عہدیداروں میں حاجی صدیق اللہ سینئر نائب صدر ، عطاء اللہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری ،انعام الحسن فنانس سیکرٹری، امجد علی آفس سیکرٹری اور وحید درانی پریس سیکرٹری شامل ہیں ۔ نو منتخب صدر حکیم اللہ فوجی اپنے خطاب کے دوران جذبات پر قابو نہ پا سکے اور آب دیدہ ہو گئے ۔ نو منتخب صدر حکیم اللہ فوجی اور جنرل سیکرٹری میاں رحم بادشاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجروں نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ وہ ان پر پورا اترینگے اور تاجروں کے مفادات اور تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا۔