Live Updates

خیبر پختونخوا حکومت کاسی پیک مغربی روٹ پر عملی کام شروع نہ کر نے پر 25دسمبر سے احتجاجی تحریک چلانے کااعلان

تحریک کا آغازسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے حلقہ میں جلسے سے ہوگا،جلسے میں عمران خان ، پرویز خٹک اور تمام صوبائی وزراء خصوصی طور پر شرکت کرینگے

منگل 13 دسمبر 2016 20:16

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف اور صوبائی حکومت سی پیک منصوبے میں صوبہ خیبر پختونخوا سے مغربی روٹ پر عملی کام شروع نہ کر نے پر وفاق کیخلاف 25 دسمبر بروز اتوار سے صوبے کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار احتجاجی تحریک چلانے کاآغاز کرئے گی۔ اور اس تحریک کا باقاعدہ احتجاجی تاریخی جلسہ عام سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے حلقہ پی کے 35صوابی5میں بمقام زیدہ سٹی نزد پرانا پولیس اسٹیشن اتوار پچیس دسمبر کی سہ پہر دو بجے منعقد ہو گا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیر مین عمران خان ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور تمام صوبائی وزراء خصوصی طور پر شرکت کرینگے سپیکر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے جلسہ گاہ کے لئے منتخب جگہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے جلسے کے لئے موضع قرار دیا ضلعی صدر انور حقداد، ضلعی کونسلر ذاکر الرحمن ، سید منور شاہ باچا ، ظاہر یوسفزئی ، حاجی رنگیز ، صدر زیدہ سٹی واحد خان ، ضلعی رہنما عبدالستار و دیگر بھی سپیکر اسد قیصر کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اے پی سی کے اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا سے سی پیک کے منصوبے میں مغربی روٹ پر کام شروع کر نے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ اس کو عملی جامہ نہیں پہنا رہے ہیں اور سی پیک کے منصوبے میں صوبہ خیبر پختونخوا کو صرف ایک سڑک تک محدود کر دیا ہے جو کہ انتہائی زیادتی ہے کیونکہ ایک طرف ہمارا صوبہ دہشت گردی ، زلزلوں اور سیلابوں سے بُری طرح متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے صوبے میں روزگاراور کاروبار کو کافی نقصان پہنچا ہے اس لئے ضروری ہے کہ اس منصوبے سے خیبر پختونخوا کے عوام کو مستفید کیا جائے اور یہ اس صوبے اور عوام کا قانونی اور آئینی حق ہے اس حق کے حصول کے لئے پی ٹی آئی حکومت نے قانونی طور پر جنگ لڑنے کے علاوہ عوامی سطح پر بھی جنگ لڑنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس جنگ کو ہر حال میں جیت کر رہیں گے عوام کے حقوق کے لئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات