زیر سماعت مقدمے کو دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل لاہور ہائیکورٹ طلب

منگل 13 دسمبر 2016 19:52

لاہور۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے لیڈی ڈاکٹرزکوفیس بک کے ذریعے ہراساں کرنے والے ملزم کے خلاف زیر سماعت مقدمے کو دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اورپراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کردیئے ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصورعلی شاہ نے ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرسلمان کاظمی کی درخواست پرسماعت کی جس میں ملزم عبدالوہاب کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت سے دوسری عدالت منتقلی کی استدعا کی گئی ہے، دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ملزم عبدالوہاب کا ٹرائل انسداددہشتگردی کی عدالت میں زیرالتواہے لیکن انسداددہشتگردی کے جج ملزم کیساتھ ہمدردری کا تاثردے رہے ہیں اور ابھی تک فیصلہ نہیں کیا جارہا، وکیل نے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی ایک خصوصی عدالت سے دوسری عدالت منتقل کردیا جائے، عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور اورپراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 دسمبر کو معاونت کے لئے طلب کر لیا ۔