ہیلتھ پروفیشنل الائونس،کلاس فور ملازمین کا احتجاجی دھرنے کا اعلان

منگل 13 دسمبر 2016 19:52

پشاور۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) آل درجہ چہارم ایسوسی ایشن ضلع پشاور کے نائب صدر ماجد علی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے ہم نے وعدہ کیا تھا کہ 10 دن کے اندر اندر محکمہ صحت کے کلاس فور ملازمین اور ٹیکنیکل سٹاف کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس کے مطالبہ کو پورا کردیا جائے گا، اس وعدے کو 10 سے زائد ہوگئے لیکن تاحال محکمہ صحت کے کلاس فور ملازمین اور ٹیکنیکل سٹاف کے لئے ہیلتھ پروفیشنل الائونس جاری کرنے کا اعلان نہیں ہوسکا جس سے کلاس فور ملازمین اور ٹیکنیکل سٹاف میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے، اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ہمارے مطالبے کو پورا نہ کیا گیا تو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولوی امیر شاہ میموریل ہسپتال ہشت نگری میں کلاس فور ملازمین اور ٹینیکل سٹاف کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہیلتھ پروفیشنل الائونس دیا جاچکا ہے جبکہ ہمیں طفل تسلیوں کو ٹرخایا جارہا ہے، ہم صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی، صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا ہم محکمہ صحت کے انڈر نہیں آتے، اگر آتے ہیں تو ہمیں ہیلتھ پروفیشنل الائونس سے محروم کیوں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہیلتھ پروفیشنل الائونس سے محروم رکھنا سراسر ناانصافی اور زیادتی ہے جس پر ہم کسی بھی صورت میں خاموش نہیں رہ سکتے، اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ہمارے لئے ہیلتھ پروفیشنل الائونس جاری کرنے کا اعلان نہ کیا گیا تو پھر صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے، جس میں ملک بھر سے آل درجہ چہارم ایسوسی ایشن کے عہدیدار، ایپکا کے مرکزی عہدیدار اور ٹیکنیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیدار بھرپور شرکت کریں گے۔ ماجد علی نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنل الائونس میں ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے جو انصاف والوں کی سراسر ناانصافی ہے۔